مائیکرو فنانس بینکوں نے رواں مالی سال 2013-14ء کے لئے زرعی قرضوں کے اجراء کا 90.8 فیصد ہدف حاصل کر لیا

جمعرات 17 جولائی 2014 17:41

کراچی(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 17جولائی 2014ء) مائیکرو فنانس بینکوں نے رواں مالی سال 2013-14ء کے لئے زرعی قرضوں کے اجراء کا 90.8 فیصد ہدف حاصل کر لیا ہے اور اب تک زرعی شعبہ کو 19 ارب 60 کروڑ روپے کے زرعی قرضہ جات جاری کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

اسٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال کے دوران مائیکرو فنانس بینکوں کو 21 ارب 60 کروڑ روپے کے زرعی قرضے جاری کرنے کا ہدف دیا گیا تھا اور اب تک بینکوں نے اپنے ہدف کے 90 فیصد سے زائد قرضے جاری کئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق تعمیر مائیکرو فنانس بینک ، یو مائیکر فنانس بینک، پاک اومان مائیکرو فنانس بینک اور خوشحالی بینک پہلے ہی اپنے اہداف حاصل کر چکے ہیں جبکہ این آر ایس پی ، وسیلہ اور فرسٹ مائیکرو فنانس بینکوں نے بالترتیب اپنے اہداف کے 80.5 فیصد، 71.6 فیصد اور 69.3 فیصد کے مساوی زرعی قرضے جاری کئے ہیں۔