لاہور بورڈ نے میٹرک کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا ،کامیانی کا تناسب 66.94% رہا

جمعہ 25 جولائی 2014 18:10

لاہور( ‘اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25جولائی۔2014ء) لاہور بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن نے میٹرک کے سالانہ امتحانات برائے سال 2014ء کے نتائج کا اعلان کر دیا ،کامیانی کا تناسب 66.94% رہا۔لاہور بورڈ کی طرف سے امتحانات میں نمایاں نمبر حاصل کرنے والوں کے اعزاز میں تقریب منعقد کی گئی جسکے مہمان خصوصی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان تھے ۔

جبکہ سیکرٹری تعلیم ہائیر ایجوکیشن عبداللہ خان سنبل، چیئرمین ٹیکسٹ بک بورڈ نوازش علی، سیکرٹری اور کنٹرولر امتحانات لاہور تعلیمی بورڈ اور پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کے والدین بھی موجود تھے ۔نتائج کے مطابق گورنمنٹ ہائی سکول حسین والا قصور کے طالب علم اسامہ قمر نے 1076نمبروں کے ساتھ بورڈ میں مجموعی طور پر پہلی پوزیشن حاصل کی ۔

(جاری ہے)

پاک گیریژن ہائی سکول ہاوسنگ کالونی ننکانہ صاحب کے علی حسنین اور کریسنٹ کڈز کیمپس علامہ اقبال ٹاؤن کی سجیہ اشرف نے 1072نمبروں کیساتھ مشترکہ طور پر دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ سوسائٹی پبلک ہائی سکول مغلپورہ کی طالبہ رمیشاء اسلم نے 1071 نمبر لے کر مجموعی طور پر تیسری پوزیشن حاصل کی ۔سائنس گروپ بوائزمیں گورنمنٹ ہائی سکول قصور کے اسامہ قمرنے 1076نمبروں کے ساتھ پہلی، پاک گیریژن ہائی سکول ہاوسنگ کالونی ننکانہ صاحب کے علی حسنین دوسری جبکہ گورنمنٹ ہائی سکول نانگل ساہداں شیخوپورہ کے عمیر افتخار 1069نمبروں کیساتھ تیسری پوزیشن پر رہے ۔

سائنس گروپ گرلز میں کریسنٹ کڈز کیمپس علامہ اقبال ٹاؤن کی سجیحہ اشرف1072نمبروں کیساتھ پہلی ،سوسائٹی پبلک ہائی سکول مغلپورہ کی طالبہ رمیشاء اسلم 1071 نمبر وں کیساتھ دوسری پوزیشن پر رہی جبکہ چار طالبات نے 1069نمبر لے کر مشترکہ طور پر تیسری پوزیشن حاصل کی جن میں ادبستان صوفیا کی ماریہ ،ایجوکیشن سینٹر ہائی سکول کنال بینک کی سمن سہیل ،ایل ڈی اے ماڈل گرلز ہائی سکول جوہر ٹاؤن کی فاطمہ نعیم اورکپس ہائی سکول فارگرلز جوہرٹاؤن کی ماہم نور شامل ہیں۔

آرٹس گروپ بوائز میں گورنمٹ پبلک ماڈل ہائی سکول نین سکھ کے شمروزعلی نے992 نمبروں کے ساتھ پہلی،علامہ اقبال پبلک بوائز ہائی سکول رائیونڈ روڈ قصور کے محمد رضوان نے 988نمبروں کیساتھ دوسری اور ملت پبلک ہائی سکول مناوالاشیخوپورہ کے رضوان علی نے 986نمبروں کیساتھ تیسری پوزیشن پر رہے ۔آرٹس گروپ گرلز میں فاروقی گرلرز ہائی سکول کریم پارک لاہور کی طیبہ افضل 1026نمبروں کے ساتھ پہلی ،پاک اینجلز گرلز ہائی سکول پنج پیر کی طیبہ طارق بٹ 1013نمبروں کے ساتھ دوسری جبکہ گورنمٹ پاک سٹینڈرڈ گرلز ہائی سکول شادبا غ کی آمنہ سلیم 1012 کے نمبرو ں کے ساتھ تیسری پوزیشن پر رہی۔

بورڈ میں مجموعی طور پرپہلی ، دوسری اور تیسری پوزیشینز حاصل کرنے والے امیدواران کو بالترتیب بیس ہزار‘ پندرہ ہزار اور دس ہزار روپے کیش ،تعریفی اسناد کے ساتھ گولڈ، سلور اور براؤنز میڈلز دئیے گئے جبکہ بورڈ میں مجموعی طور پر پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے اسامہ قمر کو لیپ ٹاپ سے بھی نوازا گیا۔ جبکہ سائنس اور آرٹس گروپ میں انفرادی طورپر پوزیشینیں حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو بھی انعامات اور تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔

متعلقہ عنوان :