زراعت کی ترقی اور فصلوں کی نشوونما و بڑھوتری کیلئے پانی کا استعمال کلیدی اہمیت کا حامل ہے ،مسعود احمد

پیر 4 اگست 2014 17:16

ٹوبہ ٹیک سنگھ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4اگست۔2014ء) چیئرمین ورلڈ بینک مشن مسعود احمد نے کہا ہے کہ زراعت کی ترقی اور فصلوں کی نشوونما و بڑھوتری کیلئے پانی کا استعمال کلیدی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ کسی بھی سطح پر پانی کی کمی یا عدم دستیابی خشک سالی اور قحط کاموجب بنتی ہے۔شعبہ زراعت میں نت نئی تحقیقات،جدید سا ئنٹیفک طریقہ جات و آلات کا استعمال بالخصوص ڈرپ ایریگیشن سسٹم کی تنصیب و موثر اثر پذیری پاکستان میں سبز انقلاب کا پیش خیمہ ہے۔

جدید ترین طریقہ ہائے آبپاشی کی بدولت کاشتکار کم لاگت میں زیادہ پیداوار حاصل کر کے بلا شبہ ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کے علاوہ زرمبادلہ میں بھی خاطر خواہ اضافہ حاصل کر سکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار چیئرمین ورلڈ بینک مشن مسعود احمد نے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کے مختلف چکوک میں ڈرپ ایریگیشن سسٹم کے استعمال و فوائد،فصلوں پر نمایاں اثرات اور دیگر امور کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل محکمہ اصلاح آبپاشی پنجاب محمد اشرف،ڈسٹرکٹ آفیسر ڈاکٹر محمد آصف،نیسپاک انجینئرراناآصف،واٹر مینجمنٹ آفیسر عرفان علی اور انتظامی افسران و اہلکاران سمیت کاشتکار عبد الخالق،محمد ارشد اور دیگر بھی موجود تھے۔چیئرمین نے تحصیل گوجرہ چک نمبر99ج ب،تحصیل ٹوبہ چک نمبر477ج ب اور چک نمبر324ج ب،تحصیل پیر محل چک نمبر13/676کا دورہ کیا اور تکنیکی امور و جزئیات کا بغور جائزہ لیا۔

ڈسٹرکٹ آفیسر(واٹر مینجمنٹ) ڈاکٹر محمد آصف نے ڈرپ ایریگیشن سے متعلق تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس ٹیکنالوجی کی بدولت60 فیصد کھاد اور65فیصد پانی کی خاطر خواہ بچت کے علاوہ پیداوار میں بھی کئی گنا اضافہ ہوتا ہے۔چیئرمین ورلڈ بینک مشن مسعود احمد نے ضلعی محکمہ اصلاح آبپاشی کے افسران و جملہ ٹیم کو شعبہ زراعت کی ہمہ گیر ترقی کیلئے فعال و متحرک کردار ادا کرنے پر سراہا اور زیادہ سے زیادہ کاشتکاروں کو ڈرپ ایریگیشن سسٹم کی تنصیب اور منتقلی کی ترغیب دینے سے متعلق تمام تر ضروری سہولیات و انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔

متعلقہ عنوان :