بحیرہ عرب میں طغیانی ،طلاتم اور لہروں میں غیر معمولی شدت اور قوت پیداہوچکی ہے جو گلوبل وارمنگ کا ردعمل ہے، پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر

پیر 4 اگست 2014 17:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4اگست۔2014ء) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر نے چالیس سے زائد نوجوانوں کی سی ویو پر سمندر کی تیز وتند لہروں کے باعث لقمہ اجل بن جانے پر دلی رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلوبل وارمنگ کے نتیجے میں بحر وبر پر جو غیر معمولی اثرات مرتب ہورہے ہیں اس کے ردعمل سے عوام کو باخبر رکھاجائے۔

حقیقت یہ ہے کہ سی ویو کا ساحل اب وہ پُر سکون ساحل نہیں رہا جو ماضی میں ہوا کرتا تھا ۔کوہ ہمالیہ ،ہندوکش اور دوسرے سلسلہ برف پوش پہاڑوں سے گلیشیئرحدت اور تمازت سے تحلیل ہورہے ہیں ۔سطح آب دنیا بھر کے سمندروں میں بلند ہورہی ہے۔طوفان ،سیلاب اور تباہ کن بارشوں کا سلسلہ بڑھ رہا ہے۔زلزلے اور قدرتی آفات کے امکانات زیادہ ہوگئے ہیں،یہی نہیں بلکہ قطبین برف پگھل رہی ہے ان غیرمعمولی حالات وواقعات اور موسمی تبدیلیوں سے سائنسدان مسلسل انتباہ کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

اس پر متعلقہ قومی اداروں کو نوٹس لینا چاہیئے کیونکہ بحیرہ عرب میں طغیانی ،طلاتم اور لہروں میں غیر معمولی شدت اور قوت پیداہوچکی ہے جو گلوبل وارمنگ کا ردعمل ہے۔ہمارے نوجوانوں کو محتاط رہنا چاہیئے۔چالیس نوجوانوں کا یوں غرق آب ہونا قومی سانحہ ہے۔اس سانحے پر جس قدر سوگ ہونا چاہیئے تھا وہ نظر نہیں آیا۔غفلت کسی کی بھی ہو ہمیں اپنی ذمہ داریوں کا جائزہ لینا چاہیئے اور اللہ تعالیٰ سے مددمانگنا چاہیئے۔دعاہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کے لواحقین کو صبر جمیل عطاکرے اور قوم میں اتحاد اور یکجہتی عطاکرے۔