غیر سیاسی عناصر سیاسی خودکشی کی راہ پر چل رہے ہیں،علی اکبر گجر

بدھ 6 اگست 2014 17:48

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6اگست۔2014ء) اگست کا مہینہ پاکستان کے اٹھارہ کروڑ عوام کو سیاسی نابالغوں اور پاکستان کی ترقی کے دشمنوں سے نجات کا مہینہ ثابت ہوگا․ غیر سیاسی عناصر سیاسی خودکشی کی راہ پر چل رہے ہیں جس کا انجام ملکی سیاست میں کچھ جماعتوں کے سیاسی خاتمے کی صورت میں سامنے آئے گا․ حکمران پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے سیکریٹری اطلاعات علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ چودہ اگست 1947 کو برصغیر کو انگریزوں کی غلامی سے آزادی حاصل ہوئی تھی اور سب سے بڑی اسلامی سلطنت کا وجود عمل میں آیا تھا اور اب چودہ اگست2014 کو اسلامی جمہوریہ پاکستان کو خطے میں موجود انگریزوں کے ایجنٹوں سے نجات مل جائے گی․ پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے صوبائی رہنمانے کہا کہ پاکستان میں کسی فرد واحد یا کسی ایک جماعت کی فرمائش پر منتخب اسمبلیاں تحلیل نہیں کی جاسکتی ہیں․ عوام کے منتخب وزیر اعظم سے استعفے کا مطالبہ پاکستان کے کروڑو ں ووٹرز کے مینڈیٹ کی توہین ہے․ پاکستان کی تمام سیاسی، جمہوری اور مذہبی قوتیں کسی بھی تبدیلی کی مخالف ہیں عوام پاکستان کو ترقی اور خوشحا لی کے سفر پر گامزن دیکھنا چاہتے ہیں لیکن غیر ملکی قوتوں کے آلہ کار مقامی سیاسی نابالغ عناصر اپنے آقاؤں کے مذموم مقاصد کی تکمیل کے لئے جمہوری عمل اور ترقی کے سفر کو روکنا چاہتے ہیں تاکہ پاکستان ماضی کی طرح دوسروں کا دست نگر بن کر رہے․ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی سیکریٹری اطلاعات علی اکبر گجرنے کہا کہ عوام کے مسترد عناصر کی طرف سے منتخب وزیر اعظم کے استعفے کا مطالبہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے کارکنوں کے صبر کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے․ پاکستان مسلم لیگ(ن) کروڑوں عوام کے ووٹ سے اقتدار میں آئی ہے کسی آمر یا غیر ملکی قوت کے کندھے پر سوار ہو کر اقتدار میں نہیں آئی․ ہماری منتخب حکومت کے خاتمے کے خواب دیکھنے والوں کا ہر میدان میں مقابلہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف سے استعفے طلب کرنے والے ا پنی ناکامیوں اور نا اہلیوں کا اعتراف کرتے ہوئے خیبر پختونخوا اسمبلی سے مستعفی ہونے کا اعلان کریں اور آئندہ انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کا مقابلہ کرنے کی تیاری کریں․ مسلم لیگ(ن) سندھ کے سیکریٹری اطلاعات علی اکبرگجرنے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) جمہوری عمل کے خلا ف ہر سازش کو ناکام بنائے گی․ میاں محمد نواز شریف کے جانثار کارکن غیر جمہوری طاقتوں کو عبرتناک سیاسی شکست سے دوچار کریں گے․ حکمران مسلم لیگ(ن) کے صوبائی سیکریٹری اطلاعات علی اکبر گجر نے کہا کہ اگست کے مہینے کے اختتام تک پاکستان کے سیاسی منظر سے کچھ جماعتیں ہمیشہ کے لئے غائب ہوجائیں گی اور وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان تعمیر و ترقی کی نئی منزلیں طے کرے گا․ پاکستان کی جمہوری حکومت کے خاتمے کا فیصلہ شاہراہوں پر نہیں کیا جا سکتا اقتدار کی ہوس میں پاکستان کے جمہوری نظام کو لپیٹنے کے خواہشمند عناصر کو آئندہ انتخابات تک انتظار کرنا ہوگا․ عوام کی منتخب حکومت اور پاکستان کے اٹھارہ کروڑ عوام کے محبوب وزیر اعظم کے خلاف سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا․