غیر یقینی صورتحال کے باوجود روئی کے بھاؤ میں اضافہ کا رجحان‘ بین الاقوامی کپاس منڈیوں میں استحکام رہا

ہفتہ 16 اگست 2014 16:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16اگست۔2014ء) غیر یقینی صورتحال کے باوجود روئی کے بھاؤ میں اضافہ کا رجحان‘ بین الاقوامی کپاس منڈیوں میں استحکام رہا۔ مقامی کاٹن مارکیٹ میں گذشتہ ہفتہ کے دوران ٹیکسٹائل واسپنگ ملز کی جانب سے روئی کی خریداری میں اضافہ کی نسبت کپاس کے کاشت کاروں کی جانب سے پھٹی کی رسد کم ہونے کے باعث روئی کے بھاؤ میں مجموعی طور پر اضافہ کا رجحان رہا۔

(جاری ہے)

کراچی کاٹن ایسوسی ایشن نے اسپاٹ ریٹ میں فی من 100 روپے کا اضافہ کرکے اسپاٹ ریٹ فی من 5400 روپے کے بھاؤ پر بند کیا۔ صوبہ سندھ میں روئی کا بھاؤ فی من 5400 تا 5450 روپے‘ صوبہ پنجاب میں روئی کا بھاؤ فی من 5500 تا 5550 روپے جبکہ پھٹی کا بھاؤ 40 کلو کا بالترتیب 2500 تا 2600 اور 2550 تا 2650 روپے رہا۔ کراچی کاٹن بروکرز فورم کے چیئرمین نسیم عثمان کے مطابق ملک میں غیر یقینی صورتحال کے باوجود ٹیکسٹائل ملز کی جانب سے روئی کی ضرورتاً خریداری رہنے کے باعث بھاؤ میں اضافہ کا رجحان رہا۔ بین الاقوامی مارکیٹوں میں روئی کے بھاؤ میں استحکام رہا۔