پولیٹیکل پارٹیز اسٹیئرنگ کمیٹی کا چاغی زرعی پروجیکٹ کی بندش پر تشویش کا اظہار

پیر 18 اگست 2014 16:24

نوشکی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18اگست۔2014ء) پولیٹیکل پارٹیز اسٹیئرنگ کمیٹی کے جاری کردہ بیان میں چاغی زرعی پروجیکٹ کی بندش پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ موجودہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں میں علاقہ سے منتخب نمائندوں کی عدم دلچسپی کے باعث چاغی زرعی پروجیکٹ گذشتہ دو برسوں سے بلاجواز بند کردیا گیا ہے سابقہ ایم این پی اور پی ڈی چاغی پروجیکٹ کی مبینہ ملی بھگت سے پروجیکٹ کے کروڑوں روپے اقرباء پروری سیاسی گروہی بندر بانٹ اور کرپشن کرکے ٹھکانے لگا دیئے گئے 76 کروڑ سے زائد رقم کے پروجیکٹ کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا گیا بیان میں کہا گیا ہے کہ چاغی زرعی پروجیکٹ دو سال سے بند ہے پروجیکٹ کا ریکارڈ غائب کردیا گیا ہے مشینری گاڑیاں ٹریکٹر اور ضروری سامان نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے ملازمین دو سال سے تنخواہوں سے محروم ہیں نوشکی میں زرعی مارکیٹ کا کام ادھورا رہ گیا ہے ٹھیکیدار دیوالیہ ہوچکے ہیں علاقہ کے منتخب اراکین اسمبلی صوبائی حکومت اور وفاق چاغی زرعی پروجیکٹ سے متعلق مسلسل چشم پوشی کرکے عدم دلچسپی کا مظاہرہ کررہا ہے آج تک کسی نے اس اہم مسئلہ پر توجہ نہیں دی اسلامک ڈیویلپمنٹ بینک اور حکومت پاکستان کے اشتراک سے چلنے والا زرعی پروجیکٹ ضلع نوشکی اور چاغی میں زراعت و گلہ بانی کے فروغ زمینداروں کو ریلیف دینے اور علاقہ میں روز گار کے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے پروجیکٹ کو فنڈنگ کرنیوالے ڈونرز مزید فنڈز دینے کیلئے تیار نہیں لیکن بد قسمتی سے ایک سازش اور منصوبہ بندی کے تحت پسماندہ علاقہ کیلئے شروع کئے جانیوالے پروجیکٹ کو یرغمال بنا کر ناکام بنایا گیا بیان میں وزیراعلیٰ بلوچستان سے زرعی پروجیکٹ کے مسئلہ پر ذاتی دلچسپی لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔