ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی چار برسوں میں5لاکھ فنی ماہرین تیار کریگی‘ چیئرمین ٹیوٹا عارف انور بلوچ

پیر 18 اگست 2014 17:05

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18اگست۔2014ء) ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی چار برسوں (2014-15تا (2017-18میں5لاکھ فنی ماہرین تیار کرے گی، رواں تعلیمی سال کے دوران ملکی صنعت و حرفت کی ترقی کیلئے ایک لاکھ سے زائد ماہر افرادی قوت فراہم کی جائے گی،یہ اقدام پنجاب حکومت کے ویژن نوجوان نسل کو فنی مہارت دے کر ملکی و بین الاقوامی مارکیٹ میں روزگار کے یقینی مواقع کی دستیابی کے مطابق ہے۔

ان خیالات کا اظہارچیئرپرسن ٹیوٹا عارف انور بلوچ نے گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی ریلوے روڈ میں جشن آزادی کے سلسلے میں منعقدہ ایک شاندار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔تقریب میں ٹیوٹا افسران، ٹیوٹا اداروں کے سربراہان، اساتذہ اور طلباؤ طالبات کی کثیر تعداد کے علاوہ تمام زونل منیجرز اور ڈسٹرکٹ منیجرز نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے عارف انور بلوچ نے کہا کہ ٹیوٹا پنجاب پبلک سیکٹر میں فنی مہارت فراہم کرنے میں ملک بھر میں سر فہرست ہے۔

ٹیوٹا کے موجودہ 356فنی اورو وکیشنل اداروں میں سالانہ ہزاروں نوجوانوں کوفنی تعلیم و ووکیشنل تربیت فراہم کی جارہی ہے اور 2017-18تک 2لاکھ20ہزار مزید نوجوانوں کو فنی تعلیم دی جائے گی۔پاکستان کی معاشی ترقی کیلئے فنی افرادی قوت کی اشد ضرورت ہے کیونکہ ماہر افرادی قوت کے بغیر معیشت کا پہیہ نہیں چل سکتا۔ ٹیوٹا نہ صرف صوبہ پنجاب میں بلکہ پورے پاکستان میں فنی تعلیم کے فروغ اور ماہر افرادی قوت کی تیاری کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے ۔فنی مہارت حاصل کرنے سے ہی نوجوان نسل مختصر دورانیہ میں روزگار حاصل کرکے اپنے والدین کی معاشی کفالت، غربت کے خاتمے اور ملکی معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں ۔