افضل خان کے انکشافات کے بعد انتخابی دھاندلی کا انکار مشکل ہو چکا، سربراہ مجلس وحدت

پیر 25 اگست 2014 23:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25اگست۔2014ء) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سربراہ علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاوٴن کا مقدمہ اصل مجرموں کے خلاف درج کیا جائے الیکشن کمیشن کی تشکیل ، انتخابی نظام کی اصلاح اب وقت کی اہم ضرورت ہے سابق ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمیشن آف پاکستان افضل خان کے انکشافات کے بعد انتخابی دھاندلی کا انکار مشکل ہو چکاہے انتخابی نظام میں بنیادی اصلاحات کا فی نہیں دھاندلی کے مرتکب مجرموں کو بے نقاب کرکے قرار واقعی سزا دینا بھی ضروری ہے انہوں نے کہا کہ کنور دلشاد نے افتخار چوہدری کے جس مشکوک کردار کا تذکرہ کیا تھا اس کے حقائق بھی عوام جاننا چاہتی ہے انہوں نے اسرئیل غاصب کی جانب سے فلسطین میں جاری جارحیت کو المیہ قرار دیتے ہوئے عالمی اداروں کی خاموشی پر افسوس کا اظہار کیا انہوں نے کہا کہ مسلم عوام کے دل مظلوم فلسطینی عوام جبکہ اپنے مفادات کے اسیر مسلم حکمرانوں کے دل امریکہ کے لئے دھڑکتے ہیں ہم نے ہمیشہ فرقہ واریت سے بالاتر ہوکر فلسطین کے اہل سنت بھائیوں کے حق میں آواز بلند کی ہے اور فرقہ وارانہ منافرت پر ہم لعنت بھیجتے ہیں ہم اپنے خون کا آخری قطرہ تک مظلوم فلسطینی مسلمانوں کے حق میں بہا دیں گے انہوں نے کہا کہ شیعہ سنی اسلام کے دو بازو ہیں جن کے درمیان نفرتوں کو ہوا دینے والے سامراجی ایجنٹ ہیں عالمی سامراج کی تمام تر سازشوں کے باوجود آج بھی شیعہ سنی مسلمان، متحد ہیں۔

(جاری ہے)

ملی یکجہتی کونسل سے لیکر اتحاد ملت اسلامیہ محاذتک، ایم ایم سے لیکر، انقلاب مارچ تک نفرتوں کے علمبر داروں کو مایوسی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا ۔