حکومت کا کام دعویٰ کرنا نہیں، کام کر کے دکھانا ہے، شاہد خاقان عباسی

مسلم لیگ ن نے اپنا بیانیہ بدلا، 2021 میں اور تھا 2022 میں اور تھا، سابق وزیر اعظم

ہفتہ 27 اپریل 2024 23:21

حکومت کا کام دعویٰ کرنا نہیں، کام کر کے دکھانا ہے، شاہد خاقان عباسی
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2024ء) سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت کا کام دعویٰ کرنا نہیں بلکہ کام کر کے دکھانے کا ہے۔ایک انٹرویومیں انہوںنے کہاکہ نواز شریف سے زیادہ پرانا سیاستدان اس ملک میں کوئی نہیں، نوازشریف جانتے ہیں انتخابات میں کیا ہوا، انتخابات میں جو کچھ ہوا یہ مسلم لیگ ن کی کامیابی نہیں تھی۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے اپنا بیانیہ بدلا، 2021 میں اور تھا 2022 میں اور تھا۔ انہوںنے کہاکہ جب آپ حکومت میں ہوتے ہیں تو آپ کا بیانیہ صرف حکومت کا بیانیہ ہوسکتا ہے لیکن اب حقیقی معنوں میں اپنے عمل کو تبدیل کرنا پڑے گا۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ لوگ چاہتے ہیں لیڈر شپ حقیقی معنوں میں معاملات حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہو،حکومت نے اب تک کیا ڈیلیوری کی اور کون سی ڈائریکشن سیٹ کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دوست ممالک ہماری مدد کرنے آتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ کامیابی اس وقت ہے جب غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کریں۔ سابق وزیر اعظم نے کہاکہ ہزاروں ٹن ڈیزل اور ایل پی جی ہر روز ملک میں اسمگلنگ ہو رہی ہے۔بانی پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی کو موقع ملا تو ماضی والی حرکتیں دوبارہ کریں گے،پنجاب کی بدترین اور کرپٹ حکومت بزدار حکومت تھی۔