محکمہ تعلیم سندھ نے چھٹی سے دسویں جماعت تک کی طالبات کو2500سے لے کر 3500 روپے فی طالبات وظیفہ دینے کا آغاز کردیا ہے، نثار کھوڑو

جمعہ 29 اگست 2014 16:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29اگست۔2014ء) محکمہ تعلیم سندھ نے چھٹی سے دسویں جماعت تک کی چارلاکھ سے زائد طالبات کو ایزی پیسہ واے ٹی ایم کارڈ کے ذریعے2500سے لے کر 3500 روپے فی طالبات وظیفہ دینے کا آغاز کردیا ہے ۔جمعہ کو طالبات میں اے ٹی ایم و ایزی پیسہ کے ذریعے وظیفے کی تقسیم کی تقریب جونئیرماڈل اسکول پی ای سی ایچ ایس میں ہوئی جس میں سنیئر وزیر تعلیم نثار احمد کھوڑو نے طالبات میں وظیفے کی تقسیم کے لیئے ایز ی پیسہ و اے ٹی ایم کارڈتقسیم کیے ۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ1.2بلین کی رقم سندھ بھر کی چھٹی سے دسویں جماعت تک کی چارلاکھ سے زائد طالبات کو وظیفے کے طور پر دی جارہی ہے جس کے تحت چھٹی سے آٹھویں جماعت تک کی ایک لاکھ طالبات کو اے ٹی ایم کارڈ کے ذریعے وظیفے کی رقم جاری کی جارہی ہے جبکہ بقیہ نویں دسویں کلاس کی طالبات کو ایزی پیسہ کے ذریعے وظیفے کی رقم تقسیم ہوگی ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ پسماندہ علاقوں کی طالبات میں 3500روپے جبکہ شہری علاقوں کی طالبات میں 2500روپے وظیفے کے طور پر تقسیم کیے جارہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ دو سال کے بعد رواں سال وظیفے کی رقم طالبات کو دی جارہی ہے جبکہ ماضی میں وظیفے کی رقم میں خردبردکی گئی اور اب طالبات میں یہ وظیفہ شفاف طریقے سے پہنچانے کیلیئے یہ سہولت حاصل کی گئی ہے۔انھوں نے کہا کہ سندھ میں خستہ حال اسکولوں کی عمارتوں کی مرمت اور ان میں پانی بجلی سمیت دیگر سہولیات فراہم کرنے کے لیئے اقدامات شروع کردیئے گئے ہیں اور اب جو اساتذہ اسکولوں میں نہیں جارہے ان کا پیچھا کرونگااور ہر استاد کی اسکولوں میں حاضری کو یقینی بنانے کی بھی حکمت عملی تیارکرلی ہے کیونکہ اب سندھ پر تعلیم کی خستہ حالی کے متعلق اٹھتی انگلیاں برداشت نہیں کرسکتے۔

اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ عمران خان اور طاہرالقادری گھیراؤ ڈال کر 58(2)Bلانا چاہتے ہیں جو ہم کسی صورت لانے نہیں دینگے ۔انھوں نے کہا کہ لانگ بوٹوں کی آواز قوم کسی صورت سننے کو تیار نہیں ہے ۔ پاکستان کا مستقل حل فوجی نہیں مگر جمہوریت اور ووٹ میں ہے تاہم ووٹ سے خیانت اور دھاندلی کسی بھی جماعت کو قبول نہیں ہے اور دھاندلی کا سدباب ہونا چاہیے ۔انھوں نے کہا کہ ماورائے آئین اقدام کی قوم مذمت کریگی ۔