امام محمد بن سعود اسلامی یونیورسٹی،ریاض نے رواں سال کے لیے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلا م آباد کے 15 طلبہ کو وظائف مہیاکرنے کی منظوری دے دی

جمعہ 29 اگست 2014 20:31

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29اگست۔2014ء )امام محمد بن سعود اسلامی یونیورسٹی،ریاض نے رواں سال کے لیے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلا م آباد کے 15 طلبہ کو وظائف مہیاکرنے کی منظوری دے دی ہے، یہ طلباوطالبا ت ا مام محمد بن سعود اسلامی یونیورسٹی کے مختلف شعبوں میں مفت تعلیم حاصل کریں گے۔ مذکورہ وظائف صدر جامعہ ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش کی کاوشوں سے دونوں یونیورسٹیوں کے مابین ہونے والے باہمی معاہدے کے تحت دیے گئے ہیں جن میں طلبہ کو تعلیم ، قیام و طعام کے ساتھ نقد ماہانہ اعزازیہ اور سالانہ چھٹیوں میں ریٹرن ٹکٹ بھی دیا جاتا ہے۔

صدر جامعہ ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش سعودی فرمانروا اور خصوصا امام محمد سعود اسلامک یونیورسٹی کی عالم اسلام اور پاکستان کے لیے خدمات کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا ہے، انہوں نے کہا کہ اسلامی یونیورسٹی تعلیم کے فروغ اور امت مسلمہ کے نوجوانوں کی بہترین تربیت کے لیے کوشاں ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے عالم اسلام کی تمام جامعات کے ساتھ تعاون جامعہ کی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں سے ایک ہے ۔

(جاری ہے)

گزشتہ سال بھی اسلامی یونیورسٹی کے 200 طلبہ کو سعودی عرب کی مختلف یونیورسٹیوں کی جانب سے وظائف مہیا کے گئے تھے جن کے تحت انہیں مفت تعلیم اور قیام و طعام جیسی سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں.