آزادی وانقلاب مارچ کے شرکاء کے حوصلے بلند ہیں، مطالبات تسلیم نہ کرنے تک دھرنا جاری رہیگا، ظہور احمد کھوسہ

جمعرات 4 ستمبر 2014 17:45

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4 ستمبر۔2014ء) تحریک انصاف کے سینٹرل میڈیا کوارڈی نیٹر سردار روح اللہ خلجی اور پاکستان عوامی تحریک کے نائب صدر ظہور احمد کھوسہ نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں آزادی مارچ اور انقلاب مارچ کے شرکاء کے حوصلے بلند ہیں جب تک مطالبات تسلیم نہیں کئے جاتے دھرنا جاری رہے گا پرامن دھرنے کے شرکاء پر پولیس کا وحشیانہ تشدد قابل مذمت ہے ۔

یہ بات انہوں نے جمعرات کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کے شرکاء 15دن سے زائد ہوگئے ہیں پرامن دھرنا دیئے بیٹھے ہیں لیکن پولیس نے دھرنے کے شرکاء پر وحشیانہ تشدد اور آنسو گیس کی شیلنگ کی جس سے متعدد کارکن ہلاک اورسینکڑوں کی تعداد میں زخمی ہوئے ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں بیٹھے بعض سیاستدانوں کی جانب سے تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے قائدین پر تنقید بلاجواز ہے ۔انہوں نے کہا کہ دھرنوں کے شرکاء کے حوصلے بلند ہیں جب تک ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کئے جاتے اسلام آباد میں دھرنا جاری رہے گا۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ جعلی مینڈیٹ کے ذریعے اقتدار میں آنے والے حکمران عوام کے مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکے ہیں ہم عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں جس سے کسی بھی صورت دستبردار نہیں ہونگے۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے دھرنوں میں بھر پور شرکت کرکے حکمرانوں پر عدم اعتماد کردیا ہے اب انہیں چاہئے کہ وہ فوری طور پر استعفیٰ دیدیں۔

متعلقہ عنوان :