پنجاب حکومت حالیہ مون سون میں دریاؤں کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے، فرحان عزیز خواجہ

ہفتہ 6 ستمبر 2014 17:00

اوکاڑہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6 ستمبر۔2014ء) صوبائی سیکرٹری محنت و افرادی قوت پنجاب فرحان عزیز خواجہ نے دریائے راوی سے ملحقہ علاقوں میں ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے قائم ریلیف کیمپوں کا دورہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت حالیہ مون سون میں دریاؤں کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور کسی بھی نا گہانی صورتحال سے نمٹنے کے لئے اقدامات مکمل کئے جا چکے ہیں ۔

پنجاب حکومت نے ممکنہ سیلابی صورتحال میں متاثرہ ہونے والے علاقوں سے عوام اور ان کے مال مویشیو ں کے انخلاء کے لئے بھی منصوبہ بندی کی ہے اور متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ اس سلسلہ میں ہمہ وقت تیار ہے ۔انہوں نے گوگیرہ ،فتح پور،ماڑی پتن،جندراکہ ،کنڈ بوڑھ،ٹھٹہ بھٹیاں کا دورہ کیا دریا کے حفاظتی بندوں اور پشتوں کا معائنہ کیا اور ان کی نگرانی کے لئے کئے جانے والے اقدامات پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایکسیئن ایل بی ڈی سی اور ایس ای اریگیشن نے فرحان عزیز خواجہ کو دریا پانی کی صورتحال ،ممکنہ متاثر ہونے والے موضع جات ،حفاظتی اقدامات اور ناگہانی صورتحال میں ریسکیو پلان سے متعلق بریفنگ دی۔فرحان عزیز خواجہ نے ریلیف کیمپو ں میں لائیو سٹاک،محکمہ صحت ،ریسکیو 1122،ضلعی انتطامیہ کی جانب سے قائم کئے گئے کاونٹرز کا بھی معائنہ کیا اور ہدائیت کی کہ تمام سرکاری ملازمین کو اپنی ذمہ داری فرض سمجھ کر ادا کرنی چاہیے ۔انہو ں نے کہا کہ خلوص نیت سے عوامی خدمت نہ صرف اجرو ثواب کا باعث ہے بلکہ یہ ہمارا اخلاقی فرض بھی ہے کہ ہم اپنے مصیبت زدہ بھائیوں کے کام آسکیں۔

متعلقہ عنوان :