کراچی اسٹاک ایکس چینج میں تیزی ،سرمایہ کاری مالیت میں31ارب77کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ،مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس167.06پوائنٹس اضافے سے 29858.37پوائنٹس پر بند ہوا

جمعرات 11 ستمبر 2014 21:58

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11ستمبر۔2014ء) کراچی اسٹاک ایکس چینج میں ایک روزہ مندی کے بعد کاروباری ہفتے کے چوتھے روز جمعرات کو اتار چڑھاوٴ کے بعد تیزی رہی اور کے ایس ای 100انڈیکس کی29700اور29800کی نفسیاتی حدیں بحال ہوگئیں ۔سرمایہ کاری مالیت میں31ارب77کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ ،کاروباری حجم گذشتہ روز کی نسبت59.25فیصدزائدجبکہ67.32فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔

فروخت کے دباوٴ اور پرافٹ ٹیکنگ کے باعث کاروبار کا آغاز 9پوائنٹس کی کمی سے ہوا ۔تاہم بعد ازاں حکومتی مالیاتی اداروں ،مقامی بروکریج ہاوٴسز سمیت دیگر انسٹی ٹیوشنز کی جانب سے ،سیمنٹ ،آئل ، بینکنگ اورتوانائی سیکٹر میں خریداری کے باعث مندی کے اثرات زائل ہوگئے اورٹریڈنگ کے دوران کے ایک موقع پر کے ایس ای 100انڈیکس 29907پوائنٹس کی بلند سطح پر بھی ریکارڈ کیا گیا ۔

(جاری ہے)

تاہم اتار چڑھاوٴ کا سلسلہ سارا دن جاری رہا۔ مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس167.06پوائنٹس اضافے سے 29858.37پوائنٹس پر بند ہوا ۔مجموعی طور پر 404کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا ،جن میں سے 272کمپنیوں کے حصص کے بھاوٴ میں اضافہ ،117کمپنیوں کے حصص کے بھاوٴ میں کمی جبکہ 15کمپنیوں کے حصص کے بھاوٴ میں استحکام رہا ۔سرمایہ کاری مالیت میں31ارب 77کروڑ 37لاکھ 80ہزار 600روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ سرمایہ کار کی مجموعی مالیت بڑھ کر 69کھرب92ارب 23کروڑ 65لاکھ 10ہزار 203روپے ہوگئی ۔

جمعرات کو مجموعی طور پر کاروباری سرگرمیاں16کروڑ 10لاکھ 72ہزار 340شیئرز رہیں جو بدھ کے مقابلے میں5کروڑ 99لاکھ 29ہزار190شیئرز زائد ہیں ،قیمتوں کے اتار چڑھاوٴ کے حساب سے یونی لیورڈ فودز کے حصص سرفہرست رہے ،جس کے حصص کی قیمت405.00روپے اضافے سے 8790.00روپے اوررفحان میظ کے حصص کی قیمت 100.00روپے اضافے سے 10500.00روپے ہوگئی ۔نمایاں کمی باٹا پاک کے حصص میں ریکارڈ کی گئی ،جس کے حصص کی قیمت 80.50روپے کمی سے3056.00جبکہ پاک ٹوبیکو کے حصص کی قیمت54.98روپے کمی سے 1045.02روپے ہوگئی ۔

جمعرات کو پاک الیکٹرون ٹیلی کام کی سرگرمیاں2کروڑ52لاکھ8ہزار500 شیئرز کے ساتھ سرفہرست رہیں ،جس کے شیئرز کی قیمت 1.35روپے کمی سے31.21روپے جبکہ کے الیکٹرک کی سرگرمیاں1کروڑ15لاکھ 3ہزار500 شیئرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں ،جس کے شیئرز کی قیمت19پیسے اضافے سے8.42روپے ہوگئی ۔ کے ایس ای 30انڈیکس 133.07پوائنٹس اضافے سے 20599.70پوائنٹس ،کے ایم آئی 30انڈیکس 359.62پوائنٹس اضافے سے 48992.24جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 100.61پوائنٹس اضافے سے 21920.70پر بند ہوا ۔

متعلقہ عنوان :