مقامی کاٹن مارکیٹ میں ٹیکسٹائل واسپننگ ملز اورکپاس کے نجی برآمد کنندگان کی جانب سے روئی کی خریداری میں اضافہ

ہفتہ 13 ستمبر 2014 19:28

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13ستمبر 2014ء)مقامی کاٹن مارکیٹ میں گذشتہ ہفتہ کے دوران ٹیکسٹائل واسپننگ ملز اورکپاس کے نجی برآمد کنندگان کی جانب سے روئی کی خریداری میں اضافہ اور کپاس کے کاشتکاروں کی جانب سے پھٹی کی رسد میں کمی کے باعث روئی کے بھاؤ میں اضافے کارجحان رہا۔کراچی کاٹن ایسوسی ایشن کی اسپاٹ ریٹ کمیٹی نے اسپاٹ ریٹ میں فی من 50روپے کے اضافے کے ساتھ اسپاٹ ریٹ فی من5650روپے کے بھاؤ پربند کیا،صوبہ سندھ وپنجاب کے کپاس پیداکرنے والے شہری علاقوں میں بارشوں اورخصوصی طورپرپنجاب کے کئی علاقوں میں سیلابی ریلوں کے باعث کپاس کی فصل کونقسان پہنچنے کے خدشات پرکپاس کے کاشتکاروں نے پھٹی کی قیمت میں فی 40کلو150تا250روپے تک اضافہ کردیا ہے جس کے باعث روئی کے فی من بھاؤ کی قیمت میں200تک اضافہ ہوگیا ہے صوبہ سندھ میں روئی کا بھاؤ فی من5750تا5800روپے ،پھٹی کابھاؤفی40کلو2800تا2900روپے بنولہ کابھاؤبڑھ کرفی من1100تا1150روپے ہوگیا ہے صوبہ پنجاب میں روئی کا بھاؤفی من5750تا5800روپے پھٹی کابھاؤفی40کلوبارشوں والی پھٹی2300تا2450روپے ، معیاری پھٹی کابھاؤ2780تا2850روپے جبکہ بنولہ اوربنولہ کھل کے بھاؤمیں فی من100تا150روپے کا اضافہ ہوا۔

(جاری ہے)

کراچی کاٹن بروکرزفورم کے چیئرمین نسیم عثمان نے بتایا کہ صوبہ پنجاب کے کپاس پیداکرنے والے کئی علاقوں میں بارشوں اورسیلاب کی تباہ کاریوں کے باعث کئی اہم فصلوں کونقصان پہنچا ہے جس سے کپاس کی فصل بھی متاثرہوئی ہے۔فی الحال نقصان کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے تاہم ایک اندازے کے مطابق تقریبا 5تا6لاکھ گانٹھوں کونقصان ہوسکتاہے۔