دیوانِ غالب کا پاکٹ سائز ایڈیشن شائع ہو گیا

منگل 16 ستمبر 2014 22:34

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16ستمبر 2014ء) اُردو غزل کے بے تاج بادشاہ مرزا اسد اللہ خاں غالب کے کلام پر مشتمل ”دیوانِ غالب“ خوبصورت پاکٹ سائز میں نامور خطاط صادقین کے سرورق کے ساتھ شائع ہو گیا ہے۔ نیشنل بک فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام 344 صفحات کے اس دیوان کی قیمت صرف 70 روپے رکھی گئی ہے جس کا بنیادی مقصد شائقینِ کتب کو معیاری اور ادب عالیہ پر مشتمل کتابیں ارزاں نرخوں پر فراہم کرنا ہے۔

مرتب واجد جواد لکھتے ہیں کہ دیوانِ غالب کو برصغیر کی ایک الہامی کتاب گردانا گیا ہے۔ زندگی کا شاید ہی کوئی شعبہ ہو جس پر غالب نے طبع آزمائی نہ کی ہو۔ کیسا ہی ادق مسئلہ ہو، اشعارِ غالب سے استفادہ کیا جاتا ہے اور رہنمائی حاصل ہوتی ہے۔ پیش لفظ میں لکھا ہے کہ ”دیوانِ غالب“ کی تازہ اشاعت این بی ایف کے اشاعتی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔

(جاری ہے)

یہ دیوان نئے سرے سے دیدہ زیب انداز میں بعض اہم اضافوں کے ساتھ تیسری مرتبہ شائع کیا گیا ہے اور کوشش کی گئی ہے کہ ایک عام خریدار کی جیب پر اس جیبی ایڈیشن کا کم سے کم بوجھ پڑے اور گھر کے علاوہ مسافر ت کے دوران میں بھی وہ کچھ وقت غالب# کی معیت میں گزار سکے۔ یہ کتاب نیشنل بُک فاؤنڈیشن کی مرکزی شاپ واقع 6۔ماوو ایریا، تعلیمی چوک، G-8/4 ، اسلام آباد سمیت این بی ایف کی دیگر شہروں میں بُک شاپس پر بھی دستیاب ہے۔