محکمہ ماحولیات صوبے میں ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والے کاروباری ‘ تجارتی و زرعی یونٹس کا موثر ڈیٹا مرتب کرے، ڈاکٹر سکندر میندھرو

بدھ 1 اکتوبر 2014 17:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اکتوبر۔2014ء)سندھ کے پارلیمانی امور‘ ماحولیات اور ساحلی ترقی کے وزیر ڈاکٹر سکندر میندھرو نے محکمہ ماحولیات کے افسران کو ہدایات دی ہیں کہ صوبے میں ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والے کاروباری ‘ تجارتی و زرعی یونٹس کا موثر ڈیٹا مرتب کریں اور ایسے یونٹس جو ماحولیات پر اثر انداز ہورہے ہیں ان یونٹس کو ماحولیاتی قوانین کے مناسب اطلاق کے لئے مائل کیا جائے ۔

اس مقصد کے لئے ایسے تمام یونٹس کو شائستہ انداز میں خطوط لکھ کر یونٹس سے ماحولیات کے حوالے سے پیدا ہونے والے مضر اثرات اور ان کے تدارک کے طریقوں سے آگاہ کیاجائے اور ایسے یونٹس کو ماحولیات دوست اقدامات عمل میں لانے کے لئے مناسب وقت دیاجائے جس کے بعد ماحولیاتی قواعد پر عملدرآمد نہ کرنے والے یونٹس سے پابندی کا اطلاق کرانے کے لئے قانونی اقدامات کئے جائیں ۔

(جاری ہے)

یہ ہدایات صوبائی وزیر ڈاکٹر سکندر میندھرو نے آج اپنے دفتر سندھ اسمبلی بلڈنگ میں محکمہ ماحولیات کے سینئر افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں ۔ اجلاس میں سیکریٹری ماحولیات سندھ محترمہ نائلہ واجد ‘ ڈائریکٹر جنرل انوائرنمٹل پروٹیکشن ایجنسی نعیم مغل ‘ محکمے کے ڈائریکٹرز اور دیگر افسران موجود تھے ۔ڈاکٹر سکندر میندھرونے افسران کو ہدایت کی کہ ماحولیات پر اثر انداز ہونے والے یونٹس کا ڈیٹا مرتب کرنے کا کام تیزکیا جائے اور اس ضمن میں جو بھی تازہ ترین معلومات ہوں ان سے سیکریٹری اور وزیر ماحولیات کے دفاتر کو بروقت آگاہ رکھا جائے تاکہ کام کی مناسب نگرانی ہوسکے ۔

انہوں نے ہدایت کی کہ کوئی بھی کام بکھرے ہوئے انداز میں نہ کیا جائے بلکہ ہر کام کا مناسب ریکارڈ مرتب رکھنے کے ساتھ متعلقہ افسران کو اس سے بروقت آگاہ بھی رکھا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ وقت اور وسائل کو ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے بچایا جائے ۔