وزیراعظم سے استعفیٰ کا مطالبہ غیر آئینی ہے، آئین میں وزیراعظم کو ہٹانے کا طریق کار موجود ہے،آفتاب شیرپاؤ،تحریک انصاف کی قیادت کو غیر آئینی مطالبات کرنے کی بجائے اگلے عام انتخابات کیلئے چار سال انتظار کرنا چاہیے،صوبائی حکومت نے فوجی کارروائی کے نتیجے میں شمالی وزستان سے بے گھر ہونیوالے لاکھوں افراد کو بے یارومددگار چھوڑ دیاہے،قومی وطن پارٹی کے چیئرمین کا صوبائی کونسل کے اجلاس سے خطاب

بدھ 1 اکتوبر 2014 19:59

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1اکتوبر۔2014ء) قومی وطن پارٹی کے چےئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤنے کہا ہے کہ وزیراعظم سے استعفیٰ کا مطالبہ غیر آئینی ہے کیونکہ آئین میں وزیراعظم کو ہٹانے کا طریق کار موجود ہے۔انھوں نے کہا کہ ان کی جماعت نے وزیر اعظم کی حمایت ملک میں جمہوریت کے استحکام اور کسی بھی غیر آئینی اقدام کا راستہ روکنے کیلئے کی۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے وطن کور میں پارٹی کے صوبائی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر قومی وطن پارٹی کی صوبائی کابینہ کا انتخاب عمل میں لایا گیاجن کے مطابق سکندر حیات خان شیرپاؤصوبائی چےئرمین، بخت بیدار خان سینئر وائس چےئرمین ، ہاشم بابر سیکرٹری جنرل ، طارق خان سیکرٹری اطلاعات منتخب ہوئے۔ اس موقع پر قومی وطن پارٹی کے الیکشن کمیشنرجسٹس ریٹارڈ شاہ جہان خان، آنیسہ زیب طاہر خیلی، سابق سینٹیرشجاع الملک خان، سابق سینٹیرحاجی غفران، عبدالمالک خان تورڈھیر ،جمیل ایڈووکیٹ اور کارکنوں کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔

(جاری ہے)

آفتاب شیرپاؤ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کو غیر آئینی مطالبات کرنے کی بجائے اگلے عام انتخابات کے لئے چار سال انتظار کرنا چاہیے کیونکہ منتخب حکومتوں کو دھرنوں اور احتجاج کے ذریعے تبدیل نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی پختونون کی احساس محرومی ختم کرنے اور صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریگی۔

آفتاب شیرپاؤ نے کہا کہ صوبائی حکومت نے فوجی کارروائی کے نتیجے میں شمالی وزستان سے بے گھر ہونے والے لاکھوں افراد کو بے یارومددگار چھوڑ دیاہے۔انہوں نے کہا کہ اغواء برائے تاوان، بھتہ خوری اورٹارگٹ کلنگ نے عوام کو جینا حرام کر رکھا ہے لیکن صوبائی حکومت عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں سنجیدہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کی خراب صورتحال کی وجہ سے سرمایہ کار صوبے میں سرمایہ کاری سے گریزاں ہے جس کی وجہ سے خیبر پختونخوا میں بے روزگاری میں بے پناہ اضافہ ہوگیاہے۔

انہوں نے کہا کہ دھرنو ں کی سیاست کی وجہ سے صوبے میں پی ٹی آئی کی مقبولیت کا گراف نیچے آگیا ہے کیونکہ وہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں ناکام ہو گئے ہیں۔انہوں نے کہا قومی وطن پارٹی کے کارکن بھی احتجاج پر مجبور ہو جائے گے اگر صوبائی حکومت نے اپنا قبلہ درست نہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت نے دوہرا معیار اپنا رکھا ہے ایک طرف وہ اپنے ممبران قومی اسمبلی کو مستعفی ہونے کا کہتے ہے لیکن دوسری طرف خیبر پختونخوا حکومت چھوڑنے کو تیارنہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت پنجاب میں سیاسی حمایت حاصل کرنے کے لئے خیبرپختونخوا کے حقوق کو قربان کررہے ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ صوبے میں پولیو کے بڑھتے ہوئے واقعات پی ٹی آئی حکومت کی ناکام کا منہ بولتا ثبوت ہے۔اس موقع پر اپنے خطاب میں قومی وطن پارٹی کے نو منتخب صوبائی چےئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤ نے پارٹی کارکنوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ ان کو مایوس نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ پختونوں کی سرزمین پر امن کے قیام کیلئے کوئی کسر اٹھانہیں رکھی جائے گی اور پختونوں کو درپیش مسائل اور چیلنجز کے حل کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ ہم خطہ پر امن کا پائیدار قیام اور خونریزی کاخاتمہ چاہتے ہیں ۔انھوں نے کہا کہ کسی کو بھی پختونوں کی دھرتی دہشت گردی کیلئے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔سکندر شیرپاؤ نے کہا کہ ان کی پارٹی پختونوں کے حقوق کیلئے ہمیشہ آواز اٹھاتی رہے گی اور صوبے کے حقوق بشمول نیٹ ہائیڈل پرافیٹ کے حصول کیلئے ہر محاذ پر جدوجہد کی جائے گی۔