وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے حاجی مظفر شجرہ کو تھرپار کرمیں گندم کی خورد بردکی تحقیقات کا حکم

جمعہ 3 اکتوبر 2014 19:16

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3اکتوبر 2014ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے ضلع تھرپار کر تعلقہ چھاچھرو میں سرکاری گندم کی تقسیم میں خرد برد کی خبروں کا فوری نوٹس لیتے ہوئے چیف منسٹر انسپکشن و انکوائری کے کوآرڈینیٹر حاجی مظفر علی شجرہ کو معاملے کی تحقیقات کرکے جلد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے جس کے بعد حاجی مظفر شجرہ نے کہا ہے کہ وہ ضلع تھرپارکر جاکر خود معاملے کا جائزہ لیں گے اور جو لوگ گندم کی خرد برد میں ملوث پائے گئے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کرپشن کے خاتمہ کے لئے سخت ہدایات دی ہیں اس کے ساتھ پارٹی کی اعلیٰ نوجوان اور عوام دوست قیادت بھی فنڈز کے استعمال اور عوام کو دی جانے والی مراعات میں مکمل شفافیت چاہتی ہے ۔

(جاری ہے)

حاجی مظفر شجرہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت اور وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت پر محکمہ سی ایم آئی ٹی مکمل طور پر متحرک ہے اور جہاں بھی کرپشن کی شکایت ملی سخت کارروائی ہوگی ۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں شہید محترمہ بے نظیر بھٹو میڈیکل کمپلیکس بن قاسم ٹاؤن سمیت کئی بڑے منصوبوں میں خرد برد کی شکایات پر تحقیقات آخری مراحل میں ہیں اور ذمہ داروں کا تعین کیاجارہا ہے جو افسران کرپشن و خرد برد میں ملوث پائے گئے ان کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کے علاوہ ان پر مقدمات بھی قائم کئے جائیں گے ۔

متعلقہ عنوان :