ڈرائیونگ سکول کے نویں بیج میں تربیت مکمل کرنیوالے 36 خواتین سمیت 74 افراد میں سرٹیفکیٹس اور انعامات تقسیم

پیر 13 اکتوبر 2014 17:38

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13 اکتوبر۔2014ء) چیف ٹریفک آفیسر لاہورطیب حفیظ چیمہ نے کہا ہے کہ ٹریفک قوانین کی پابندی کے ساتھ ساتھ شہری ڈرائیونگ سکول میں تربیت حاصل کرنے میں دلچسپی لے رہے ہیں۔ ڈرائیونگ سیکھنے میں خواتین کی شرح میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ پولیس ڈرائیونگ سکول کے نویں بیج میں 36 خواتین سمیت 74 افراد نے تربیت مکمل کی۔کامیاب ہونیوالے مرد و خواتین میں سرٹیفکیٹس اور انعامات تقسیم کئے گئے۔

ڈرائیونگ کی تربیت کیلئے نئی گاڑی بھی خرید لی گئی ہے۔ تقریب میں مصروف اداکار سہیل احمد اور مینیجر اٹلس ہنڈا تسلیم شجاع بھی موجود تھے۔ سی ٹی او نے کہا کہ دسویں بیج میں 16خواتین سمیت 46 افراد کی رجسٹریشن ہو چکی ہے ان کی تربیت کاآغاز آج سے کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اٹلس ہنڈا نے پولیس ڈرائیونگ سکول میں خواتین کیلئے موٹر سائیکل کی تربیت کیلئے 10 موٹر سائیکلیں اور اپنے ماہرین کی خدمات سٹی ٹریفک پولیس کے سپرد کر دی ہیں بہت جلد خواتین کی موٹر سائیکل کی خصوصی کلاسز شروع کر دی جائیں گی۔

(جاری ہے)

تقریب میں معروف اداکار سہیل احمد نے کہا کہ ایک مہذب قوم بننے کیلئے ہمیں انفرادی طور پر اپنی اصلاح کرنا ہو گی۔ تقریب میں ایس پی ہیڈ کوارٹرز اظہر گجر ، ڈی ایس پی لائسنسنگ اور دیگر افسران شریک تھے۔