آئندہ سال تمام سرکاری اور پرائیویٹ میڈیکل کالجز کے داخلہ ٹیسٹ انٹر کے امتحانات کے فوری بعد لیے جائیں گے

پیر 13 اکتوبر 2014 18:15

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13 اکتوبر۔2014ء) سندھ کے طلبہ کو ٹیوشن مافیا سے بچانے اور تعلیمی سال وقت پر شروع کرنے کیلئے آئندہ سال تمام سرکاری اور پرائیویٹ میڈیکل کالجز کے داخلہ ٹیسٹ انٹر کے امتحانات کے فوری بعد لیے جائیں گے اور نتائج کے اجرا کا انتظار نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انتہائی با خبر ذرائع کے مطابق لیاقت میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر نوشاد شیخ کی تجویز پر پی ایم ڈی کے مسودہ بل میں یہ بات شامل کرلی گئی ہے کہ تحریری ٹیسٹ آئی بی اے کراچی کی طرح انٹر کے امتحانات کے فوری بعد لے لیے جائیں گے تاکہ طلبہ تازہ ذہن کے ساتھ ٹیسٹ دے سکیں اور ٹیوشن مافیا کے چکر میں پڑھ کر وقت اور پیسہ دونوں برباد نہ کریں۔

یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ تحریری ٹیسٹ آئندہ ایس ایم ڈی سی خود لے گا اس حوالے سے نہ صرف ایس ایم ڈی سی کو آمدنی بھی ہوگی بلکہ شکایات میں بھی کمی ہوگی اور ٹیسٹ کے نتائج بھی شفاف ہوں گے۔ واضح رہے کہ رواں سال داخلہ ٹیسٹ انٹر کے امتحانات ختم ہونے کے4 ماہ بعد لیے جارہے ہیں اس طرح طلبہ کے نہ صرف4ماہ برباد ہوئے بلکہ انہیں ٹیسٹ کی تیاری کے چکر میں ٹیوشن سینٹرز بھی جانا پڑا اور فی طالبعلم 30 سے50 ہزارروپے ٹیسٹ فیسکی مد میں خرچ کرنے پڑے۔