ڈاکٹر طاہر منصوری بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے نائب صدر ہائر سٹڈیز اینڈ ریسرچ مقرر کر دیے گئے

بدھ 15 اکتوبر 2014 18:24

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15اکتوبر 2014ء) صدر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش کی سفارشارت پر بورڈ آف گورنرز نے ڈاکٹر طاہر منصوری کو بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں بطور نائب صدر ہائر اسٹڈیز اینڈ ریسرچ تقرری کی منظوری دے دی ہے۔ ڈاکٹر منصوری 2011 سے تاحال جامعہ کی شریعہ اکیڈمی کے ڈائریکٹر جنرل کی حیثیت سے اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

وہ قومی اور بین الاقوامی سطح اسلامی بینکاری ، اسلامی فقہ، اسلامی معیشت ، مسلم عائلی قوانین ، حقوق نسواں جیسے علوم پر مہارت اور شہرت رکھتے ہیں۔اس سے قبل ڈاکٹر منصوری یونیورسٹی میں فیکلٹی آف شریعہ اینڈ لاء کے ڈین کے طور پر خدمات بھی سر انجام دے چکے ہیں۔ ڈاکٹر منصوری اسلامی بینکنگ کی ٹاسک فورس ، اسٹیٹ بنک آف پاکستان ، مذہبی بورڈ اور مضاربہ بورڈکے ممبر بھی ہیں۔

(جاری ہے)

وہ عربی ،اردور اور انگلش میں خصوصی مہارت رکھتے ہیں اور انہوں نے تینوں زبانوں میں اکتیس سے زائد تحقیقی مقالات پیش کیے ہیں۔ ان کی اب تک مختلف موضوعات پر نو تحقیقی کتب شائع ہو چکی ہیں جن میں کئی کتب یونیورسٹیوں میں پڑھائی جا رہی ہیں۔ ڈاکٹر منصوری نے دنیا بھر کے کئی ممالک میں متعدد انٹرنیشنل کانفرنسوں میں بطور ریسورس پرسن شرکت کر چکے ہیں۔ اب تک وہ پی ایچ ڈی سطح کے آٹھ ، اور ایم فل / ایل ایل ایم کے بیس مقالہ جات کے نگران بھی رہے ہیں۔