ساہیوال کے تعلیمی بورڈنے اپنی ناقص کارکردگی سے فرسٹ ایئر کے طلبہ کا مستقبل داوٴ پر لگادیا

جمعرات 16 اکتوبر 2014 17:53

چیچہ وطنی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16 اکتوبر۔2014ء) ساہیوال کے تعلیمی بورڈنے اپنی ناقص کارکردگی سے فرسٹ ایئر کے بیشتر طلبا اور طالبات کا مستقبل داوٴ پر لگادیا، غیر مستند اساتذہ سے پیپرز کی مارکنگ کرانے سے بعض ہونہار طلبا اور طالبات نمبروں کی دوڑ میں بہت پیچھے رہ گئے ،ذرائع کے مطابق ساہیوال کے تعلیمی بورڈ کے زیر اہتمام میٹرک کے پہلے امتحانات میں طلبا اور طالبات کی بہت سی شکایات سامنے آئیں اور بعض پڑھنے والے طلبا اور طالبات کے پیپرز کی درست مارکنگ نہیں ہوئی، دوماہ قبل جاری کئے گئے سیکنڈ ایئر کے امتحانی نتائج سے بھی طلبا اور طالبات کی بڑی تعداد مطمئن نہیں،اب فرسٹ ایئر کے امتحانی نتائج نے بیشتر طلبا اور طالبات کی امنگوں پر ہی پانی پھیر دیا ہے اور بیالوجی، فزکس ،کیمسٹری ،میتھ، انگلش اور آرٹس مضامین کے پیپرز میں بعض ہونہار طلبا اور طالبات انتہائی پیچھے رہ گئے ہیں،ذرائع کے مطابق پیپرز کی مارکنگ بعض پرائیویٹ سکولوں کے غیر مستند اساتذہ سے بھی کرائی گئی ہے ،بورڈ کیخلاف شکایات کے انبار لگ چکے ہیں اور متاثرہ طلبا اور طالبات اپنا مستقبل داوٴ پر لگنے سے شدید پریشان ہیں،بہت سے امیدواروں نے پیپرز کی ری چیکنگ کیلئے درخواستیں بھی جمع کروا دی ہیں تاہم ری چیکنگ میں نمبرو ں کا صرف ٹوٹل ہی چیک کیا جائیگا،جو طلبا اور طالبات ری چیکنگ کا خرچہ برداشت نہیں کرسکتے وہ ٹوٹل چیک کروانے سے بھی قاصر ہیں،متاثرہ طلبا اور طالبات نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پیپرز کی دوبارہ مارکنگ کروائی جائے اور غیر مستند اساتذہ سے مارکنگ پر بورڈ کے ذمہ داران کیخلاف کاروائی عمل میں لائی جائے۔

متعلقہ عنوان :