”گو نواز گو “ کے نعرے لگنے کے واقعات ،

محکمہ سکولز ایجوکیشن نے سکولوں کے سربراہان کو کسی قسم کی تقریبات منعقد کرنے اور حکومتی شخصیات کو مدعو کرنے سے روکدیا

جمعرات 16 اکتوبر 2014 19:20

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16اکتوبر 2014ء)”گو نواز گو “ کے نعرے لگنے کے واقعات پیش آنے کے بعد محکمہ سکولز ایجوکیشن نے سکولوں کے سربراہان کو آئندہ کسی قسم کی تقریبات منعقد کرنے اور خاص طو رپر حکومتی شخصیات کو مدعو کرنے سے روکدیا ۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی کے مطابق گزشتہ دنوں ایک سکول میں ڈینگی آگاہی مہم کے سلسلہ میں منعقدہ سیمینار میں صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین کی موجود میں طالبعلموں کی جانب سے یہ نعرہ لگایا گیا تھا جس پر سکول کے سربراہ کو انکوائری بھگتنا پڑی تھی ۔

اسی طرح وحدت روڈ پر بھی ایک تقریب جس میں وزیر اعلیٰ کے مشیر خواجہ احمد حسان مہمان خصوصی تھے نعرے لگائے گئے تھے۔ ذرائع کے مطابق محکمہ سکولز ایجوکیشن نے مستقبل میں اس طرح کے کسی واقعے سے بچنے کے لئے سرکاری سکولوں کے سربراہان کو ہدایات جاری کی ہیں وہ کسی تقریب کا اہتمام کریں اور نہ ہی حکومتی شخصیات کو مدعو کیا جائے ۔