زرعی ماہرین کی آلوکی فصل کی کاشت 20اکتوبر تک مکمل کرنے کی ہدایت

اتوار 19 اکتوبر 2014 14:43

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔9 1اکتوبر 2014ء)زرعی ماہریننے آلو کے کاشتکاروں کو فصل کی کاشت 20 اکتوبر تک مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہتر پیداوار کے لیے بیماریوں سے پاک منظور شدہ بیجوں کا استعمال کیا جائے ۔ محکمہ زراعت پنجاب راولپنڈی کے ترجمان کے مطابق آلوکی کاشت کیلئے ہوا کا درجہ حرارت 20 تا25 سینٹی گریڈ اور زمین کا درجہ حرارت16 تا18 سینٹی گریڈ ہونا چاہیے ۔

جبکہ فصل کی بڑھوتری کیلئے 20 تا30 ڈگری سینٹی گریڈ کا درجہ حرارت موزوں ہے ۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کاشتکاروں کو بیماریوں سے پاک اور منظور شدہ اقسام مثلاً ڈیزائری ، کارڈینل ، ڈایامینٹ ، فیصل آباد سفید ، فیصل آباد سرخ اور ایس ایچ (SH-5)5- کا بیج کاشت کرنے کا مشورہ بھی دیا ۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ آلو کی کاشت سے قبل بیج کی خوابیدگی کو توڑنا بہت ضروری ہوتا ہے اگر آلو 10 سے12 ہفتے پڑا رہے تو خوابیدگی خود بخود ختم ہو جاتی ہے ۔ بیج کو سردخانے سے نکال کر10 دن سایہ دار جگہ پر پھیلادیں تاکہ بیج باہر کے درجہ حرارت پر اپنے آپ کو ڈھال لے اور اس میں شگوفے پھُوٹ آئیں ۔