دو روزہ بین الاقوامی سرمایہ کاری کانفرنس ”انویسٹ پاکستان“ اسلام آباد میں شروع ہوگئی

پیر 27 اکتوبر 2014 20:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27 اکتوبر۔2014ء) دو روزہ بین الاقوامی سرمایہ کاری کانفرنس ”انویسٹ پاکستان“ پیر کو اسلام آباد میں شروع ہوگئی جس کا باقاعدہ افتتاح وزیر اعظم محمد نوازشریف نے کیا وفاقی وزیر برائے پانی و بجلی خواجہ محمد آصف، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید کے علاوہ غیر ملکی سفارت کاروں، مختلف وزارتوں کے حکام اور تاجر و صنعت کار تنظیموں کے نمائندے بھی موجود تھے۔

کانفرنس کے پہلے روز افتتاحی تقریب کے بعد تین سیشنز کا اہتمام کیا گیا جن کا مقصد پانی و بجلی، پٹرولیم و قدرتی وسائل اور پاک چین اقتصادی راہداری بشمول شاہرات و انفراسٹرکچر کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے شرکاء کو آگاہ کرنا تھا (آج) منگل کو کانفرنس کے مزید پانچ سیشن ہوں گے۔

(جاری ہے)

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین اور وزیراعظم کے معاون خصوصی مفتاح اسماعیل نے شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس کانفرنس کے انعقاد سے شرکاء کو پاکستان میں سرمایہ کاری اور کاروبار کے مواقع کے متعلق معلومات حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ صدی تجارت اور سرمایہ کاری کے لحاظ سے انتہائی اہم ہے۔ پاکستان خطے میں واضح طور پر ابھرتی ہوئی ایک معیشت ہے جہاں آزادانہ تجارتی ماحول میسر ہے۔ انہوں نے کانفرنس کے شرکاء کو پاکستانی معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کرتے ہوئے مکمل اعتماد کے ساتھ سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی اور کہا کہ اس ضمن میں سرمایہ کاری بورڈ ہر ممکن سہولیات اور تعاون فراہم کرے گا۔

انہوں نے بتایا کہ کانفرنس غیرملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کا موقع فراہم کرے گی۔ اسپیشل اکنامک زونز سمیت غیر ملکی سرمایہ کاروں کو توانائی، آئل و گیس، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، تجارت اور سرمایہ کاری، انفارمیشن ٹیکنالوجی، معدنی وسائل، زراعت اور لائیو اسٹاک، نجکاری اور مالیاتی شعبہ میں سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کیا جائے گا۔

اس موقع پر ٹیلی نار پاکستان کے پریذیڈنٹ مائیکل فولے نے اپنی کمپنی کی جانب سے پاکستان میں کی جانے والی سرمایہ کاری اور یہاں دستیاب سہولیات و مراعات کے بارے میں شرکاء کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیلی نار نے 10 سال قبل پاکستان میں سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا اور حکومت پاکستان کی مدد و حمایت سے کاروبار کو فروغ دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ہر شعبہ میں بڑی صلاحیت ہے جبکہ یہاں کاروبار کے لئے ماحول اوردستیاب وسائل انتہائی سازگار ہیں۔

کانفرنس میں شریک سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیلی نار نے گزشتہ دس سالوں میں 2.2 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کی اور مزید سرمایہ کاری کرنے کا بھی ارادہ ہے۔ انہوں نے موجودہ حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کو سراہا۔ کانفرنس میں مختلف ممالک سے تاجروں و سرمایہ کاروں کے وفود نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :