ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے زرعی سائنسدانوں نے فصلوں کے کیڑوں کے انسداد کے نئے طریقے دریافت کئے

جمعرات 30 اکتوبر 2014 17:39

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30 اکتوبر۔2014ء) ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے زرعی سائنسدانوں نے فصلوں کے کیڑوں کے انسداد کے ایسے طریقے دریافت کئے ہیں جن کے استعمال سے زہروں کے استعمال میں کمی ہوگی اور ماحول کو بھی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ یہ بات ڈاکٹرعابد محمودڈائریکٹر جنرل زراعت ریسرچ پنجاب نے ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد میں منعقدہ پلانٹ پتھالوجی کے سالانہ ریسرچ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

کیڑوں کی طرف سے فصلوں کو لاحق خطرات اور ان سے نبردآزما ہونے کے طریقوں کے بارے میں مقررین نے تفصیلی خیالات کا اظہارکیا ۔ اس پروگرام میں ڈاکٹر ریاض احمد چشتی، ڈاکٹر ناصر سبحان ، چوہدری نذیر احمد ، ڈاکٹرغلام محی الدین ڈائریکٹر پلانٹ پتھالوجی اورڈاکٹر ظفر اقبال ڈائریکٹر ایگری بائیو ٹیکنالوجی کے علاوہ زرعی سائنسدانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹرعابد محمودنے زرعی سائنسدانوں پر زور دیا کہ وہ کیڑوں کے بارے میں تحقیق کرتے وقت کیڑوں کی عادات اور دیگرامور پر زیادہ توجہ دیں تاکہ غیر کیمیائی طریقوں سے ان کا انسداد کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ کیڑوں کے انسداد کے نئے طریقوں سے پیداواری لاگت میں کمی واقع ہوتی ہے۔دیگر زرعی سائنسدانوں نے اپنے خطاب میں بتایا کہ ادارہ کے سائنسدانوں نے کیڑوں کے مربوط طریقہ انسداد کے بارے میں متعدد کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

اب بہت سے کیڑوں کا انسداد حیاتیاتی طریقوں سے کیا جاسکتاہے۔ اس کے علاوہ زرعی طریقوں کے ذریعے انسداد میں بھی خاطر خواہ کامیابی حاصل ہوئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ گندم کے تیلے کا غیر کیمیائی طریقوں سے انسداد زرعی سائنسدانوں کے لیے بہت بڑا چیلنج ہے۔ اس کے علاوہ دھان ، کپاس، ترشاوہ پھل اور کجھوروں کے کیڑوں کے انسداد کے لیے بھی تحقیقاتی کام ہورہا ہے۔ زہروں کے خلاف کیڑوں میں قوت مدافعت پیدا ہوئی ہے۔ اس لیے مستقبل کی تحقیقاتی ترجیحات میں کیڑوں کے انسداد کے غیر کیمیائی طریقوں پر زیادہ توجہ دی جارہی ہے۔

متعلقہ عنوان :