سابقہ حکومتوں نے زراعت کو نظر انداز کر کے ملک کی ریڑھ کی ہڈی کو توڑ دیا ہے، ملک محمد رمضان

پیر 3 نومبر 2014 16:50

لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 3نومبر 2014ء) کسان بورڈ پاکستان کے سیکرٹری جنرل نے کسانوں کے مطالبات منوانے کے لئے پنجاب کا ہنگامی دورہ شروع کر دیا۔ اس سلسلے میں گذشتہ روز انہوں نے نارووال ، حافظ آ باد ، قصور ،اُوکاڑہ،ساہیوال اور ملتان کا دورہ کیا اور کسان بورڈکے مقامی رہنماؤں کے ڈیڑوں پر کسانوں کے اجتماعات سے خطاب کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے زراعت کو نظر انداز کر کے ملک کی ریڑھ کی ہڈی کو توڑ دیا ہے ۔

زرعی مداخل تیل بجلی کھاد کی قیمتیں کئی گنا بڑھ چکیں ہیں ۔ جبکہ زرعی اجناس منڈی میں پڑی رُل رہی ہیں ۔ کپاس ، مکئی، آلو اور چاول کی فصلوں کی قیمتیں گذشتہ سالوں سے آدھی رہہ گئیں ہیں ۔ حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے پورے ملک کے کسان پریشان ہیں اس وقت جب تک ملک میں منظم طریقے سے جدو جہد نہیں کی جاتی ، کسانوں کے مطالبات پورے نہیں ہونگے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہا اس وقت جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق ملک بھر کے تمام طبقات کی آنکھوں کا تارہ بن چکے ہیں اور عوام اپنے مسائل کے حل کے لئے انکی طرف دیکھ رہے ہیں ۔ انشاء اللہ اکیس بائیس اور تئیس دسمبر کو جماعت اسلامی کے اجتماع عام میں ملک بھر سے لاکھوں کسان شریک ہونگے اور اپنے مطالبات پر مبنی ایک یادداشت سراج الحق کو پیش کریں گے۔ اس سلسلے میں انہوں نے اور کسان بورڈ کے دیگر قائدین نے پورے ملک کادورہ شروع کر دیا ہے اُمید ہے کہ جماعت اسلامی کے اجتماع میں کسانوں کی جدو جہد وکو تیز کرنے کے لئے آ ئندہ لائحہ عمل بھی تیار کیا جائے گا۔