اوپن یونیورسٹی کے امتحانی سنٹر پر رسول بخش بہرام کا چھاپہ دوسرے سنٹر کا طالبعلم حل شدہ پیپر کے ساتھ پکڑا گیا

منگل 25 نومبر 2014 20:34

لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 25نومبر 2014ء ) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے امتحانی سنٹر پر ریجنل ڈائریکٹر لاہور رسول بخش بہرام کا چھاپہ، دوسرے سنٹر کا طالب علم حل شدہ امتحانی پیپر کے ساتھ رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ایک طالب علم محمد ندیم رو ل نمبر Ax329131 کوڈ نمبر 360 گورنمنٹ مسلم لیگ ہائی سکول امتحانی سنٹر نمبر 116 میں حل شدہ پرچے کے ساتھ پکڑا گیا جو وہ گھر سے حل کر کے لایا تھا جبکہ مذکورہ طالب علم کا امتحانی سنٹر نمبر 147 گورنمنٹ ایف ڈی ہائی سکول گارڈن ٹاؤن تھا۔

رسول بخش بہرام نے طالب علم کو پولیس کے حوالے کر دیا اور امتحانی سنٹر کے پورے عملے کو معطل کر دیا، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی کی ہدایات پر امتحانات کو شفاف بنانے اور بوٹی مافیا کا قلع قمع کرنے کا تہیہ کیا ہوا ہے۔