وفاقی جامعہ اردو میں آئندہ سال لائبریری سائنس کا شعبہ قائم کردیا جائے گا،وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرظفر اقبال

پیر 8 دسمبر 2014 18:34

کراچی (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 08 دسمبر 2014ء)وفاقی جامعہ اردو میں آئندہ سال لائبریری سائنس کا شعبہ قائم کردیا جائے گا۔ اس بات کا اظہار وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرظفر اقبال نے بیگم فیروزہ عبدالمعید کی جانب سے مولوی عبدالحق یادگاری کتب خانے کو انکی کتب کا ذخیرہ جامعہ کو تحفے میں دیئے جانے کے موقع پر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کتب بینی کا شوق طلبا کی تحقیقی صلاحیتوں میں اضافہ کرتا ہے اسلئے ہم جامعہ اردو کے کتب خانوں کو بہتر کرنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس مقصد کے لئے مرکزی لائبریر ی کے کیٹلاگ کو کمپیوٹرائزڈ کردیا گیا ہے تاکہ کہ طلبا اور اساتذہ کو مطلوبہ کتاب کی فراہمی میں آسانی ہو۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم عبدالمعید صاحب کاشمار لائبری سائنسز کے بانیوں میں ہوتا ہے۔ اس شعبے میں انکی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔جامعہ کراچی کے شعبہ لائبریر ی سائنس کے سابق چیئرمین ڈاکٹر غنی الکرم سبز واری نے مسز فیروزہ عبدالمعید کی جانب سے 90 کتب، ایک عددکمپیوٹر اور پرنٹر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر اقبال کو پیش کئے۔اس موقع پر رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر فہیم الدین، نمائندہ لائبریری پروموشن بیورو ڈاکٹر لیاقت علی خان ، اسسٹنٹ لائبریرین فوزیہ بانو بھی موجود تھیں۔