بند گوبھی میں پھول گوبھی سے زیادہ غذائیت پائی جاتی ہے

بدھ 10 دسمبر 2014 17:34

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 10 دسمبر 2014ء)بند گوبھی میں پھول گوبھی سے زیادہ غذائیت پائی جاتی ہے۔ اس میں وٹامن اے، سی اور معدنی نمکیات لوہا، چونا اور فاسفورس کافی مقدار میں پائے جاتے ہیں۔ اس کا زیادہ تر استعمال بطور سلاد کیا جاتا ہے۔ بند گوبھی کی کامیاب کاشت کے لئے سرد مرطوب آب و ہوا موزوں رہتی ہے۔ کاشت کے لئے زرخیز میرا زمین جس میں نامیاتی مادہ وافر مقدار میں موجود ہو، کا انتخاب کریں۔

ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے زرعی سائنسدانوں نے بتایا ہے کہ بند گوبھی کی پنیری کوکھیت میں منتقل کاوقت بہت تھوڑا ہے۔ پنیری کو شام کے وقت کھیت میں لگائیں تاکہ پودے رات کے وقت اچھی طرح جڑ پکڑ سکیں۔ جس روز پنیری کھیت میں لگانی ہو اس روز صبح کے وقت نرسری کی اچھی طرح آبپاشی کریں تاکہ پودے نکالتے وقت ان کی جڑیں نہ ٹوٹیں۔

(جاری ہے)

پودا لگاتے وقت جڑ کے نزدیک سے اچھی طرح دبا دیں تاکہ پودا جلدی جڑ پکڑ لے۔

پودوں کو کھیت میں 45-40 سینٹی میٹر کے فاصلہ پر لگائیں اور فوراً آبپاشی کر دیں۔ نرسری کی منتقلی کے 15 دن بعد کھیت میں مرے ہوئے پودوں کی جگہ نئے پودے لگا دیں۔ فصل کی آبپاشی 15 دن کے وقفہ سے کریں۔ کاشت کے ایک ماہ بعد گوڈی کرنے کے بعد آبپاشی کرنے سے پہلے 8 کلوگرام امونیم سلفیٹ یا 40 کلوگرام یوریا کھاد فی ایکڑ استعمال کریں تاکہ پودوں کے ہیڈ اچھے بنیں اور منڈی میں اچھا ریٹ ملے۔ بند گوبھی کاشت کے تین یا ساڑھے تین ماہ بعد برداشت کے لئے تیار ہو جاتی ہے۔