کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ قائم کرنے کیلئے حکومت پنجاب اور پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ(ٹرسٹ) کے درمیان معاہدہ،

گردہ وجگر کی پیوندکاری کیلئے 50 ایکڑ اراضی مختص کر دہ ٹرسٹ کے بورڈ آف گورنرز کا پہلا اجلاس،مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی شرکت

جمعرات 11 دسمبر 2014 20:03

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11دسمبر 2014ء ) وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر لاہور میں گردوں اور جگر کی پیوندکاری کے لئے کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ کے قیام کے لئے حکومت پنجاب اور پاکستان کڈنی اینڈ لیورانسٹیٹیوٹ کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے جس کی رو سے صوبائی حکومت انسٹیٹیوٹ کے قیام کے لئے ٹرسٹ کو 50 ایکڑ اراضی اور عمارت کی تعمیر کے لئے فنڈز فراہم کرے گی۔

اس بات کا اعلان یہاں پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ ٹرسٹ کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں کیا گیا۔اجلاس میں مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق، سیکرٹری صحت جواد رفیق ملک کے علاوہ ٹرسٹ کے ارکان نے شرکت کی۔اجلاس میں باضابطہ طور پر بورڈ آف گورنرز کے 11 نجی ارکان کا انتخاب کیا گیا ۔اس کے علاوہ سیکرٹری صحت اور سیکرٹری خزانہ ایکس آفیشیو ممبر ہوں گے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں بین الاقوامی شہرت کے حامل اورالشفاء انٹر نیشنل اسلام آباد کے ہیڈ ڈاکٹر سعید اختر کو بورڈ آف گورنرز کا صدر، ڈاکٹر سید نیر محمود کو نائب صدراور ڈاکٹر افتخارالحسن کو سیکرٹری منتخب کیا گیا جبکہ وزیراعلی پنجاب اس کے پیٹرن انچیف ہوں گے۔اس موقع پر مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیراعلی انسٹیٹیوٹ کے قیام کے لئے برکی روڈ پر50 ایکڑ اراضی پہلے ہی مختص کر چکے ہیں۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹیٹیوٹ کا قیام حکومت کا تاریخی کارنامہ ہے۔ ڈاکٹر سعید اختر نے وزیراعلی محمد شہباز شریف کی اس انسٹیٹیوٹ کے قیام کے لئے ذاتی دلچسپی کے ساتھ معاملا ت کو حتمی شکل دینے کے لئے کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف نے غریبوں کے درد کو محسوس کرتے ہوئے تمام سٹیک ہولڈرز کو انسٹی ٹیوٹ کے قیام کے لئے متحرک کیا اور وزیراعلی ان(ڈاکٹر سعید اختر) کے ساتھ امریکہ میں بھی فون،ای میل اور میسج کے ذریعے مسلسل رابطہ میں رہے۔

ڈاکٹر سعید اختر نے کہا کہ کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ غریبوں کے لئے قائم کیا جارہا ہے جس سے امیر لوگ بھی استفادہ کریں گے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کڈنی اینڈ لیور ٹرانسٹیٹیوٹ کے قیام کے سلسلہ میں معاہدہ پر دستخط کرنے کی باقاعدہ تقریب وزیراعلی محمد شہباز شریف کی موجود گی میں ہو گی۔