بینکوں کے زرعی قرضے مالی سال 15ء کے ابتدائی پانچ مہینوں میں بڑھ کر 167.6 ارب روپے تک پہنچ گئے

جمعرات 18 دسمبر 2014 23:16

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18دسمبر 2014ء)بینکوں نے مالی سال 15ء (جولائی تا نومبر 2014ء) کے دوران 167.6 ارب روپے کے قرضے تقسیم کیے جو 500 ارب روپے کے مجموعی سالانہ ہدف کا 33.5 فیصد اور گذشتہ برس کی اسی مدت میں تقسیم کیے گئے117.4 ارب روپے سے 42.7 فیصد زائد ہے۔ زرعی قرضوں کے واجب الادا جزدان میں 36.0 ارب روپے اضافہ ہوا جو گذشتہ برس کی اسی مدت کے مقابلے میں 266.8 ارب روپے سے بڑھ کر آخر نومبر 2014ء میں 302.8 ارب روپے ہو گئے۔

بڑے بینکوں میں ایم سی بی نے اپنے سالانہ ہدف کا 52.5 فیصد، یوبی ایل نے 45.2 فیصد، ایچ بی ایل 40.9 فیصد، الائیڈ بینک لمیٹڈ 30.9 فیصد جبکہ این بی پی اپنے سالانہ ہدف کا صرف 27.7 فیصد حاصل کر سکا۔ تخصیصی بینکوں کے زمرے میں زیر جائزہ مدت کے دوران زیڈ ٹی بی ایل نے 15.7 ارب روپے یا اپنے 90 ارب روپے ہدف کا 17.5 فیصد جبکہ پی پی سی بی ایل نے اپنے 11.5 ارب روپے ہدف کے مقابلے میں 2.1 ارب روپے یا 18.2 فیصد زرعی قرضے تقسیم کیے۔

(جاری ہے)

جولائی تا نومبر 2014ء میں پندرہ ملکی نجی بینکوں میں سے بینک الفلاح نے 47.8 فیصد، فیصل بینک 47.7 فیصد، سمٹ بینک 44.7 فیصد، بینک آف خیبر 42.6 فیصد، این آئی بی بینک 36.7 فیصد، سلک بینک 34.7 فیصد، بینک الحبیب 32.9 فیصد، سونیری بینک 25.9 فیصد، بینک آف پنجاب 21.5 فیصد جبکہ عسکری بینک نے اپنے سالانہ اہداف کا 21 فیصد حاصل کیا۔ جبکہ اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک نے 2014-15ء کے لیے اپنے 2.5 ارب روپے کے سالانہ ہدف کے مقابلے میں 3.6 ارب روپے کے زرعی قرضے تقسیم کیے۔

مائیکروفنانس کے زمرے میں سات مائیکرو فنانس بینکوں نے بطور گروپ 7.6 ارب روپے کے قرضے تقسیم کیے جبکہ انہیں 28.2 ارب روپے کا سالانہ ہدف دیا گیا ہے۔ جبکہ اسلامی فنانسنگ کے تحت چار اسلامی بینکوں نے اپنے 2.3 ارب روپے کے قرضوں کے مقابلے میں مجموعی طور پر 0.7 ارب روپے کے قرضے تقسیم کیے ۔