ایئر ایشیا جہاز کے’بلیک باکس‘ کا سگنل موصول

جمعہ 9 جنوری 2015 12:07

ایئر ایشیا جہاز کے’بلیک باکس‘ کا سگنل موصول

جاوا (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 09 جنوری 2015ء) انڈونیشیا سے سنگاپور جانے والے ایئر ایشیا کے جہاز کے ملبے کو تلاش کرنے والے ریسکیو حکام کے مطابق انھیں بحیرہ جاوا میں جہاز کے ممکنہ بلیک باکس کا سگنل موصول ہوا ہے۔اب تک ریسکیو ٹیموں نے 46 لاشیں سمندر سے برآمد کر لی ہیں۔ حکام کا اندازہ ہے کہ فیوزیلاڑ یعنی جہاز کا مرکزی حصہ جہاں مسافر بیٹھتے ہیں میں بیشتر مسافروں کی لاشیں ہیں۔

تاہم ابھی تک فیوزیلاڑ نہیں مل پایا۔انڈونیشیا کی مسلح افواج کے کمانڈر جنرل موایلڈوکو نے بی بی سی کو بتایا کہ خوطہ خوروں کی مدد سے سگنل کے مقام کی تلاش جاری ہے۔حکام کے مطابق سگنل اس مقام کے نزدیک سے موصول ہوا ہے جہاں سے جہاز کی دم ملی تھی جس کی وجہ سے یہ امکان ہے کہ بلیک باکس طیارے کے مرکزی حصے سے الگ ہو دوسری جگہ پر گر گیا ہو۔

(جاری ہے)

انڈونیشیا کی نیشنل ٹرانسپورٹ سیفٹی کمیٹی کے ایک اہلکار کے مطابق انھیں جہاز کا ملبہ تلاش کرنے والے اہلکاروں کی جانب سے سگنل کے موصول ہونی کی تصدیق ہوئی ہے اور ہمارے خیال میں یہ جہاز کا بلیک باکس ہی ہے اور خوطہ خوروں کو اس کی تصدیق کرنی ہے۔

بدقسمتی سے بلیک باکس طیارے کے دم سے الگ ہو گیا تھا اور اب خوطہ خوروں کو اس کی اصل جگہ کی نشاندہی کرنی ہے۔اس سے پہلے جمعرات کو جہاز کے ملبے کی تلاش کے سرچ اور ریسکیو مشن کے سربراہ بمبانگ سولیئستو کے سربراہ کا کہنا تھا کہ بحیرہ جاوا میں جہاز کا پچھلا حصہ مل گیا ہے لیکن اس میں سے بلیک باکس اور فلائیٹ ریکارڈ نہیں مل سکا تھا۔بلیک باکس کی مدد سے تفتیش کاروں کو اس جہاز کے تباہ ہونے کی وجہ معلوم ہو سکے گی۔

ایئر ایشیا کا یہ جہاز 28 دسمبر کو انڈونیشیا کے دوسرے بڑے شہر سورابایا سے سنگاپور جا رہا تھا کہ خراب موسم کے دوران گر کر تباہ ہو گیا۔ جہاز پر 162 افراد سوار تھے۔اس وقت جہاز کے ملبے اور لاشوں کی تلاش میں مختلف ملکوں کے 30 جہاز حصہ لے رہے ہیں۔اس کے علاوہ چھ ہوائی جہاز اور 14 ہیلی کاپٹر بھی ان کارروائیوں میں شامل ہیں۔