امریکی وزیر خارجہ جان کیری اہم دورے پر پاکستان پہنچ گئے

پیر 12 جنوری 2015 17:34

امریکی وزیر خارجہ جان کیری اہم دورے پر پاکستان پہنچ گئے

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12جنوری2015ء) امریکی وزیر خارجہ جان کیری اپنے دو روزہ دورے کے دوران پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف امریکی وزیر خارجہ کے اعزاز میں عشائیہ دیں گے جبکہ پاک امریکہ سٹریٹجک مذاکرات کیلئے جان کیری دفتر خارجہ جائیں گے جہاں مشیر خارجہ سرتاج عزیز کے ساتھ ملاقات ہوگی۔

جان کیری آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کیلئے جی ایچ کیو بھی جائیں گے۔ دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ جان کیری کے دورہ اسلام آباد کے موقع پر پاک امریکہ سٹریٹیجک مذاکرات کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان امریکی وزیر خارجہ سے افغانستان میں کالعم تحریک طالبان کی محفوظ پناہگاہوں کیخلاف کارروائی کے مطالبے کیساتھ ساتھ اتحادی سپورٹ فنڈ کی ادائیگیوں اور کیری لوگر بل کے تحت بقایا جات کا معاملہ بھی اٹھائے گا۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ دو طرفہ، علاقائی اور عالمی امور بھی زیر بحث آئیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ جان کیری کے دورے کے موقع پر افغانستان سے امریکی افواج کے انخلاء کے تناظر میں آئندہ کے لائحہ عمل اور سٹریٹجک مذاکرات کے ذریعے اس دوران مختلف شعبوں میں پاک امریکہ تعاون جاری رکھنے کے حوالے سے پیشرفت متوقع ہے۔