آزاد عدلیہ کے بغیر شفاف انتخابات ممکن نہیں ، حکومت انتخابی دھاندلی کی تحقیقات میں سنجیدہ نہیں ،قاسم خان سوری،

صوبے میں قوم پرستوں کی حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے ، صدر تحریک انصاف بلوچستان

جمعہ 23 جنوری 2015 22:03

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23جنوری۔2015ء) تحریک انصاف بلوچستان کے سابق صدر و مرکزی کور کمیٹی کے ممبر قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ آزاد عدلیہ کے بغیر شفاف انتخابات ممکن نہیں اور موجودہ حکومت انتخابی دھاندلی کی تحقیقات میں سنجیدہ نہیں اس لئے حکومت کمزور جوڈیشل کمیشن بنانا چاہتی ہے جسے ہم کسی صورت قبول نہیں کرینگے۔یہ بات انہوں نے جمعہ کوملاقات کرنے والے مختلف اضلاع کے کارکنوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

قاسم خان سوری نے کہا کہ عام انتخابات 2013ء میں ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت دھاندلی کی گئی اورتحریک انصاف کی کامیابی کو ناکامی میں تبدیل کیا گیا جسکے خلاف ہم نے ہر پلیٹ پر آواز اٹھائی لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت دھاندلی میں براہ راست ملوث تھی اس لئے وہ دھاندلی کی تحقیقات سے کترارہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکمران اپنی شکست سے بچنے کیلئے دھاندلی کی تحقیقات کرانے میں سنجیدہ نہیں اس لئے وہ کمزور جوڈیشل کمیشن بنانا چاہتے ہیں جو ہمیں کسی بھی صورت قابل قبول نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں حالیہ پٹرول کی قلت حکومت کی ناکام پالیسیوں کا نتیجہ ہے حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے اور لوٹ مار میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں قوم پرستوں کی حکومت نے عوام کو مہنگائی ،بے روزگاری اور لاقانونیت کے سوا کچھ نہیں ہوا عوام موجودہ حکومت سے بے زار ہوچکے ہیں قوم پرست عوام کی خدمت کی بجائے اپنی تجوریاں بھرنے میں مصروف ہیں انہیں عوام کے مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔