اسرائیلی حکام نے یورپی ارکان پارلیمنٹ کے وفد کو غزہ داخلے سے روک دیا

جمعرات 19 مارچ 2015 16:15

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2015ء) اسرائیلی حکام نے یورپ سے آئے ارکان پارلیمان کو مغربی کنارے کے راستے غزہ کی پٹی میں داخل ہونے سے روک دیا۔ اسرائیلی حکومت کے اس اقدام پر یورپی ارکان پارلیمنٹ نے سخت افسوس اور مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز فرانسیسی رکن پارلیمنٹ اڈورڈ مارٹن کی قیادت میں یورپی پارلیمنٹ کے وفد نے شمالی غزہ میں بیت حانون گزرگاہ سے غزہ داخلے کی کوشش کی۔

اسرائیل کی جانب سے پہلے تو انہیں غزہ جانے کی اجازت دی گئی تھی تاہم جب وہ گزرگاہ پہنچے تو انہیں بتایا گیا کہ وہ غزہ کی پٹی میں داخل نہیں ہوسکتے ہیں۔ صہیونی حکام کی جانب سے یورپی وفد کو غزہ داخلے سے روکے جانے کی وجہ بھی نہیں بتائی گئی۔بعد ازاں رام اللہ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اڈورڈ مارٹن نے کہا کہ یورپی ارکان پارلیمنٹ نے غزہ کا دورہ بہت پہلے طے کرلیا تھا۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں اسرائیلی حکومت کی طرف سے اجازت بھی مانگی گئی تھی۔ صہیونی حکومت کی طرف سے اجازت دینے کا اعلان بھی کیا گیا تھا مگر اس کے باوجود اسرائیلی سیکیورٹی حکام نے انہیں غزہ جانے سے روک دیا۔مسٹر مارٹن نے استفسار کیاکہ آخر اسرائیل ہم سے کیا چیز چھپانا چاہتا ہے؟ ۔انہوں نے کہا کہ ہم غزہ کی پٹی میں پچھلے سال اسرائیل کی بمباری سے ہونے والی تباہی کو دیکھنا چاہتے تھے۔

متعلقہ عنوان :