(ق) لیگی رہنما سابق صوبائی وزیر بشارت راجہ کے بھائی راجہ ناصر کی صاحبزادی کی شادی کی تقریب سیاسی اجتماع میں بدل گئی

تین سابق وزراء اعظم سمیت سیاسی جماعتوں کے اہم رہنماؤں اور اعلیٰ سول اور فوجی حکام اور دیگر ممتاز شخصیات کی شرکت تقریب میں یمن کی صورتحال پر پارلیمنٹ کی مشترکہ قرارداد‘ انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کیلئے بنائے گئے جوڈیشل کمیشن اور ایم کیو ایم اور تحریک انصاف کے درمیان سیاسی کشیدگی زیر بحث رہی

ہفتہ 11 اپریل 2015 21:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11 اپریل۔2015ء) مسلم لیگ (ق) کے مرکزی رہنما سابق صوبائی وزیر محمد بشارت راجہ کے بھائی راجہ محمد ناصر کی صاحبزادی کی شادی کی تقریب سیاسی اجتماع میں بدل گئی جس میں تین سابق وزراء اعظم سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے اہم رہنماؤں اور اعلیٰ سول اور فوجی حکام اور دیگر ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔ شادی کی تقریب میں یمن کی صورتحال پر پارلیمنٹ کی مشترکہ قرارداد‘ انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کیلئے بنائے گئے جوڈیشل کمیشن اور ایم کیو ایم اور تحریک انصاف کے درمیان سیاسی کشیدگی زیر بحث رہی۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات اسلام آباد کے ایک فارم ہاؤس میں راجہ ناصر کی بیٹی کی شادی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں سابق وزراء اعظم سید یوسف رضا گیلانی‘ راجہ پرویز اشرف‘ مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین‘ سابق چیئرمین سینٹ نیئر حسین بخاری‘ سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی‘ سابق وفاقی وزیر مسلم لیگ ضیاء کے صدر اعجاز الحق ‘ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک ‘ پیپلز پارٹی کے منحرف رہنما ڈاکٹر بابر اعوان‘ تحریک انصاف کے رہنما زاہد کاظمی‘ سابق ایم ڈی بیت المال پیپلز پارٹی کے رہنما زمرد خان‘ قومی اسمبلی رکن ملک ابرار‘ (ن) لیگ کے رہنما راحت مسعود قدوسی ‘ مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر چوہدری تنویر کے صاحبزادے چوہدری دانیال تنویر‘ مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری امتیاز رہنما‘ سابق ڈپٹی سپیکر حاجی نواز کھوکھر‘ سابق صوبائی وزیر چوہدری ریاض ‘ رکن قومی اسمبلی جاوید اخلاص ‘ تحریک انصاف کے رہنما غلام سرور خان سمیت بڑی تعداد میں سیاسی رہنماؤں اور عمائدین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

شادی کی تقریب میں چوہدری شجاعت حسین اور وزیراعلیٰ کے پی کے پرویز خٹک کے درمیان ملکی مجموعی سیاسی صورتحال اور جوڈیشل کمیشن کے قیام کے بعد دھاندلی کے ثبوت پیش کرنے کے معاملے پر بات چیت ہوئی جبکہ راجہ پرویز اشرف اور چوہدری پرویز الٰہی کے درمیان بھی دلچسپ جملوں کا تبادلہ ہوا۔ شادی کی تقریب میں سپریم کورٹ کی طرف سے اسلام آباد میں ون ڈش اور رات دس بجے تک شادی کی تقریبات ختم کرنے کے حکم پر عمل درآمد پر بھی تبادلہ خیالات ہوتا رہا۔ (ن غ/ط س)