نئے ایکشن کے ساتھ خود کو موثر ثابت کرنا مشکل نہیں ہو گا‘ ”دوسرا “کی ورائٹی نہ چلی تو کیرم بال کو آزماؤں گا‘ سعید اجمل

پابندی کے دور میں بڑے سبق سیکھے لیکن میں ماضی کو چھوڑ کر آگے بڑھنے کا سوچ رہا ہوں‘ مایہ ناز سپنر کی انٹرویو میں گفتگو

بدھ 15 اپریل 2015 22:10

نئے ایکشن کے ساتھ خود کو موثر ثابت کرنا مشکل نہیں ہو گا‘ ”دوسرا “کی ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15اپریل۔2015ء) مایہ ناز اسپنر سعید اجمل نے کہا ہے کہ نئے ایکشن کے ساتھ خود کو موثر ثابت کرنا مشکل نہیں ہو گا ،اگر ”دوسرا “کی ورائٹی نہ چلی تو کیرم بال کو حربے کے طور پر استعمال کروں گا۔ایک انٹرویو میں سعید اجمل نے کہا کہ بالنگ ایکشن کے سبب جس دور میں پابندی کا سامنا تھا، اس دور میں بڑے سبق سیکھے اور دیکھا کہ لوگوں کے رویے کس طرح تبدیل ہوتے ہیں لیکن میں ماضی کو چھوڑ کر آگے بڑھنے کا سوچ رہا ہوں۔

اپنے نئے بالنگ ایکشن کے حوالے سے سعید اجمل نے کہا کہ نئے انداز سے بالنگ کرتے ہوئے انیس ،بیس کافرق محسوس ہو گا، میں نے اس دوران نئی ورائٹیز پر بھی کام کیا اور آف اسپن کے ساتھ ساتھ ”دوسرا “بھی کامیابی کے ساتھ کرنے کے لیے پرامید ہوں۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں مایہ ناز اسپنر کا کہنا تھا کہ طویل عرصے سے عالمی کرکٹ کھیل رہا ہوں لہٰذانئے ایکشن کے ساتھ خود کو موثر ثابت کرنا مشکل نہیں ہو گا، اگر کسی وجہ سے ”دوسرا “ ورائٹی نہ چل سکی تو کیرم بال آزماؤں گا۔

دورہ بنگلہ دیش کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش نے بھی ہماری طرح کوارٹر فائنل کھیلا ہے اور ہوم گراؤنڈ پر اسے کمزور حریف تصور نہیں کیا جا سکتا۔ٹیم میں نوجوان کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا گیا ہے جن کے پاس اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع ہے اور امید ہے کہ ہم بنگلہ دیش میں کامیاب رہیں گے ۔