Live Updates

گھیراوٴ جلاوٴ اور مار دھاڑ کی گندی سیاست نہیں چل سکتی ہے، سعدرفیق

وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈا پور کی اسلام آباد پر دھاوے کی دھمکی نہایت سنگین معاملہ ہے،فاشسٹ رویہ برداشت نہیں کیا جائے گا،رہنما ن لیگ کا ٹوئیٹ

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 26 اپریل 2024 10:22

گھیراوٴ جلاوٴ اور مار دھاڑ کی گندی سیاست نہیں چل سکتی ہے، سعدرفیق
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔26 اپریل2024 ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماءسعد رفیق کا کہنا ہے کہ گھیراوٴ جلاوٴ اور مار دھاڑ کی گندی سیاست نہیں چل سکتی ہے اورنہ فاشسٹ رویہ برداشت کیا جائے گا،وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈا پور کی اسلام آباد پر دھاوے کی دھمکی نہایت سنگین معاملہ ہے،نیا9مئی کرنے کی بجائے عقل کا استعمال کیا جائے ۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر(ایکس ) پر اپنے ٹوئیٹ میں ن لیگی رہنماءکا کہنا تھا کہ انتشاری اس بار بھی اسلام آباد پر چڑھائی اور قبضہ کرنے آئے تو بطور حکمران واپس جانا ناممکن ہو جائے گا۔ اسلام آباد پر قبضے کیلئے پی ٹی آئی کی خیبرپختونخوا حکومت ماضی میں بھی وفاق پر حملے کرتی رہی جس کا نتیجہ انتشار، نفرت اور معاشی تباہی میں بڑھاوے کے سوا کچھ نہ نکلا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ گزشتہ روزوزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا ہ علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ اگر ہمیں حق نہ دیا گیا تو پہلے حکومت کو گرائیں گے اور پھر حکومت کو گرانے کے بعد ہم اسلام آباد پر بھی قبضہ کر لیں گے، عمران خان کو قید میں رکھنا کسی کے بس کی بات نہیں، ان کی ہمت جواب دے چکی ہے۔ مئی کا مہینہ فیصلہ کن مہینہ ہوگا۔تحریک انصاف کے 28 ویں یوم تاسیس کے حوالے سے خیبرپختونخوا ہ ہاﺅس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ غلط کرنے والوں کو بھی معلوم ہے کہ وہ ٹھیک نہیں کررہے۔

اب بھی وقت ہے کہ غلط کرنے والے اپنی اصلاح کریں اور ہمیں اشتعال دلانے سے گریز کریں۔ ہم جواب دیں گے تو اس میں بھی ہمارا نقصان ہے اور نہ دیا تب بھی خمیازہ ہی بھگتنا ہوگا۔علی امین گنڈا پور کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو کوئی مائنس نہیں کر سکتا ہے لہذا ایسے خواب دیکھنا چھوڑ دیں۔ ہم نہیں چاہتے کہ کچھ لوگوں کی وجہ سے ہمارے اداروں کے خلاف نفرت پیدا ہو کیونکہ یہ ادارے ہمارے ہیں اور ان کے بارے میں نفرت پیدا ہو یہ برداشت نہیں کریں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات