عالمی حفاظتی ٹیکوں کا ہفتہ 24 اپریل سے 30 اپریل تک منایا جائے گا

پیر 20 اپریل 2015 21:06

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20اپریل۔2015ء) عالمی سطح پر حفاظتی ٹیکوں کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے دنیا بھر میں ورلڈ امیونائزیشن ویک رواں ہفتہ 24 اپریل سے 30 اپریل تک منایا جائے گا۔ اس موقع پر مقامی، ملکی اور عالمی سطح پر حفاظتی ٹیکوں کی اہمیت اور اس کے بارے میں آگہی پیدا کی جائے گی تاکہ عوام زیادہ سے زیادہ بچوں کو ٹیکے لگوا سکیں اور حفاظتی ٹیکوں کی دسترس کو بہتر بنایا جاسکے۔

رواں سال یہ ہفتہ شہری اور دیہی آبادی کے درمیان موجود حفاظتی ٹیکوں کے فرق کو کم کرنے اور دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں حفاظتی ٹیکوں کی پہنچ کو بڑھانے کیلئے خصوصی طور پر منایا جارہا ہے اور جو عالمی حفاظتی ٹیکوں کے منصوبے کا بھی حصہ ہے۔ اس مہم کا مقصد سال 2020ء تک عالمی سطح پر حفاظتی ٹیکوں کی پہنچ کو دنیا بھر میں پھیلا کر لاکھوں بچوں کی زندگیوں کو بچانا ہے۔

(جاری ہے)

پی ایم اے کے مطابق پاکستان میں ہر منٹ میں ایک بچے کا انتقال ہوجاتا ہے اور زیادہ تر بچوں کی اموات کو حفاظتی ٹیکوں کی مدد سے روکا جاسکتا ہے۔ موثر حفاظتی ٹیکوں کے نظام اور ان کی فراہمی سے ان اموات کو روکنے میں مدد ملتی ہے۔ پی پی اے کے تحت لاہور میں 22 اپریل کو مقامی ہوٹل میں امیونائزیشن ویک کے حوالے سے ایک میڈیا بریفنگ کا بھی انعقاد کیا جارہا ہے۔حکومت پاکستان ایکسپنڈڈ پروگرام آن امیونائزیشن کے تحت نو خطرناک اور مہلک بیماریوں کے خلاف حفاظتی ٹیکے مفت مہیا کررہی ہے۔ ای پی آئی پروگرام میں مزید بیماریوں کے حوالے سے حفاظتی ٹیکوں کو شامل کرنے سے پاکستان میں صحت کے شعبے میں انقلابی تبدیلی لائی جاسکتی ہے۔