عوامی نیشنل پارٹی نے طوفان سے صوبے میں ہونیوالے نقصانات پر خیبرپختونخوا اسمبلی میں تحریک التواء جمع کرادی

منگل 28 اپریل 2015 16:51

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28اپریل۔2015ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی پارلیمانی لیڈر و ترجمان سردار حسین بابک و ڈپٹی پارلیمانی لیڈر سید جعفر شاہ نے حالیہ بارشوں ، ژالہ باری اور بد ترین طوفان سے صوبے اور خصوصاً پشاور میں جانی و مالی نقصانات پر صوبائی اسمبلی میں تحریک التوا جمع کرا دی ہے تحریک میں کہا گیا ہے کہ حالیہ قدرتی آفت سے صوبے اور خصوصاً پشاور میں قیمتی جانیں ضائع ہو گئی ہیں مالی نقصانات اور کھڑی فصلوں کو بے پناہ نقصان پہنچا ہے لہٰذا صوبائی حکومت فوری طور پر غمزدہ خاندانوں کی داد رسی کیلئے مالی امداد کا اعلان کرے اور مالی نقصانات اٹھانے والے مصیبت زدہ لوگوں کی فوری طور پر امداد کا انتظام کرے،،تحریک میں کہا گیا ہے کہ قدرتی آفت سے بہت سے لوگوں کے مکانات گر گئے ہیں ان کے کاروبار تباہ ہوئے ہیں جبکہ کئی سو افراد ذخمی حالت میں ہسپتالوں میں پڑے ہیں لہٰذا صوبائی حکومت اپنی تمام مصروفیات ترک کر کے غمزدہ افراد کی داد رسی اور فوری امداد کو ترجیح بنائے۔