اینٹوں کے بھٹے آم کے باغات کو ناقابل تلافی نقصان کا موجب بن رہے ہیں ،مینگو گروئرز ایسوسی ایشن

منگل 26 مئی 2015 12:41

فیصل آباد ۔26 مئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 مئی۔2015ء) پاکستان مینگو گروئرز ایسوسی ایشن نے کہاہے کہ اینٹوں کے بھٹوں نے آم کے باغات کو تباہ کرنا شروع کردیا ہے لہٰذا حکومت آم کے باغات کو بھٹوں کے مضر اثرات سے بچانے کیلئے فوری اقدامات کرے۔مینگو گروئرز ایسوسی ایشن کے ترجمان نے بتایاکہ اینٹوں کے بھٹے آم کے باغات کیلئے زہر قاتل ہیں ۔

انہوں نے بتایاکہ بھٹوں سے نکلنے والا سیاہ دھواں سلفر ڈائی آکسائیڈ ، ہائیڈروجن فلورائیڈاور کاربن مانو آکسائیڈوغیرہ جیسی زہریلی گیسوں کا آمیزہ ہوتاہے جبکہ یہ گیسیں جہاں دیگر فصلات پر منفی اثرات مرتب کررہی ہیں وہیں آم کے باغات کو بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچانے کا موجب بن رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اینٹوں کے بھٹوں سے نکلنے والا یہ دھواں فضاء میں چلنے والی ہوا کی سمت میں کافی دیر تک معلق رہتاہے جس سے سورج کی روشنی براہ راست زمین پر نہ پڑتی ہے اور اس میں شامل زہریلی گیسیں ہوا میں پھیل کر فضائی آلودگی کے ساتھ ساتھ درجہ حرارت میں اضافہ کاباعث بھی بن رہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ان زہریلی گیسوں کے اثرات آم کے درختوں ، پھل اور پتوں پر نمایاں دکھائی دیتے ہیں۔انہوں نے بتایاکہ پتوں میں فلورائیڈ اور سلفر کی موجودگی سے ہونے والے نقصان کا تدارک بھی ضروری ہے۔ انہوں نے بتایاکہ یہ گیسیں پھل کی نوزائیدہ بافتوں کے گلنے کا سبب بنتی ہیں جس سے پھل کے سرے پر کالے دھبے ظاہر ہوناشروع ہو تے ہیں اور آم کی کوالٹی ، معیار ، لذت تباہ ہو جاتی ہے اور پھل ٹوٹ کر ڈنڈی سے زمین پر گرنا شروع ہو جاتاہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر اس مسئلہ پر قابو نہ پایاگیاتو آم کی پیداوار کئی گناکم ہونے کے خدشہ کو بھی رد نہیں کیاجاسکتا۔

متعلقہ عنوان :