گوبر کی گلی سڑی کھاد زرعی اراضی کیلئے انتہائی مفید ہے ،زرعی ماہرین

پیر 1 جون 2015 14:34

فیصل آباد۔یکم جون(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جون۔2015ء) ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے ماہرین زراعت نے کہا ہے کہ گوبر کی کھاد کا استعمال پودوں کو غذائی اجزا ء کی فراہمی سمیت زمین کے طبعی و کیمیائی خواص کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے لیکن گذشتہ کچھ عرصہ سے زرعی تعلیم نہ ہونے کے باعث اس کے استعمال میں کچھ بنیادی خرابیاں پائی جاتی ہیں جس سے فصل اور زمین کو اس کا مکمل فائدہ نہ پہنچ رہا ہے لہٰذا کسانوں ، کاشتکاروں ، زمینداروں کو چاہیے کہ وہ گوبر کی کھاد سے بھر پور فائدہ اٹھانے کیلئے اس کا موٴثر استعمال یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

ایک ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ گوبر کی کھاد یورین اور گوبر پر مشتمل ہوتی ہے ۔انہوں نے بتا یا کہ یورین میں موجود نائٹروجن یوریا کھاد جیسی کیمیائی شکل میں موجود ہوتی ہے لیکن گوبر کے ڈھیر کو کھلی شکل میں چھوڑ دینے کے باعث اس میں سے تین ہفتوں کے اندر اندر 90 فیصد نائٹروجن ضائع ہو جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ گوبر کی کھاد جتنی زیادہ گلی سڑی ہو گی اس کے فوائد اتنے ہی زیادہ ہوں گے۔ انہوں نے کاشتکاروں کو ہدایت کی کہ وہ گوبر کو مناسب طریقے سے سٹور کریں تاکہ اس کے اثرات کو ضائع ہونے سے بچایا جا سکے۔