ایچ آئی وی ایڈزکے خلاف عوام میں شعور و آگاہی پیدا کرنا ہماری قومی ذمہ داری ہے ،موذی مرض کے خاتمے کیلئے ہمیں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا ،ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی

بدھ 17 جون 2015 18:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18 جون۔2015ء) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے عوام میں ایچ آئی وی ایڈز کے مہلک مرض سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کے لیے اراکین پارلیمنٹ پر کلیدی کردار ادا کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس موذی مرض کے خلاف عوام میں شعور و آگاہی پیدا کرنا ہماری قومی ذمہ داری ہے اور اس کے خاتمے کے لیے ہمیں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔

بدھ کو ان خیالات کا اظہارانھوں نے پارلیمنٹ ہاؤس میں یو این ایڈز کی طرف سے ایڈز کے مرض سے متعلق دی جانے والی بریفنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی سپیکر نے کہاکہ ایچ آئی وی ایڈز کا مرض پوری دنیا کے لیے باعث تشویش ہے اور یہ مہلک مرض پاکستان میں بھی تیزی سے پھیل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مرض کو پھیلنے سے روکنے کے لیے جامع منصوبہ بندی اور بھرپور کوششوں کی ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ HIVایڈز سے متعلق آگاہی اور تعلیم کی کمی اس مرض کی پھیلنے کی بڑی وجوہات ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اراکین پارلیمنٹ اس مہلک کے متعلق عوام میں شعور و آگاہی پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے پاکستان میں HIV ایڈز کے خاتمے کے لیےUNAIDS کی کاوشوں اور کردار کو سراہا۔ Mr. Marc Sabaریجنل ڈائریکٹر UNAIDS برائے پاکستان اور افغانستان نے پاکستان میں ایڈز کے مرض پر روشنی ڈالتے ہوئے پاکستان میںHIV ایڈزکے پھیلنے پر اپنے تشویش کا اظہار کیا ۔

انہوں نے کہا کہ قومی قیادت اس مسئلے پر قابو پانے پر اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔ انہوں نے پاکستان میں اس مسئلے کے تدارک کے لیے UNAIDSکی طرف سے ہر ممکن مالی اور تیکنیکی معاونت کی یقین دہانی کروائی ۔ اس موقع پر UNAIDSکے نمائندے ڈاکٹرراجوال خان نے اراکین پارلیمنٹ کو HIV ایڈز سے متعلق ایک تفصیلی بریفنگ دی اور اس بیماری کے بارے میں حقائق و اعدادو شمار پیش کیے۔

انہوں نے پاکستان میں HIV ایڈز کے پھیلاؤ کی صورتحال کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے اس پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ اراکین پارلیمنٹ نے HIV ایڈز کی روک تھام کے لیے مختلف تجاویز دیں اور ایڈز کے بارے میں عوام میں شعور و آگاہی پیدا کرنے کے لیے ڈویژن کی سطح پر متعلقہ ممبر قومی اسمبلی کی نگرانی میں ایک کمیٹی تشکیل دینے کے لیے کہا ۔بریفنگ میں ممبران قومی اسمبلی طلال چوہدری، ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو، شیخ روحیل اصغر، ڈاکٹر درشن، ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی، ڈاکٹر رمیش کمار، ڈاکٹر اظہر جدون، شیریار آفریدی، ڈاکٹر نگہت شکیل خان اور محترمہ عائشہ سید نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :