محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو مونگ و ماش کی کاشت کیلئے پودوں کی تعداد ایک لاکھ35ہزار سے ایک لاکھ 70ہزار فی ایکڑ رکھنے کی ہدایت

ہفتہ 4 جولائی 2015 12:47

فیصل آباد۔4جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 جولائی۔2015ء)محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو مونگ وماش کی کاشت اگلے ہفتہ کے دوران اور مونگ کی کاشت 15 جولائی تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ بارانی علاقوں میں مونگ اور ماش کی کاشت مون سون کی پہلی بارش کے بعد زمین وتر آنے پر شروع کی جاتی ہے اور انہیں جولائی کے وسط تک کاشت کرلیاجاتاہے تاہم اگر کوئی ناگزیر وجہ ہو تو اس کی کاشت جولائی کے آخر تک بھی مکمل کی جاسکتی ہے لیکن اس صورت میں پیداوار میں کمی کاخدشہ ہوتاہے نیز زیادہ بارش والے علاقوں میں مونگ وماش کی کاشت قدرے پچھیت سے کرنے کے بہتر نتائج حاصل ہوتے ہیں ۔

(جاری ہے)

ایک ملاقات کے دوران انہوں نے بتایاکہ مونگ اور ماش کی شاندار پیداوار حاصل کرنے کیلئے پودوں کی تعداد تقریباً ایک لاکھ 35ہزار سے ایک لاکھ 70ہزار فی ایکڑ ہونی چاہیے جبکہ مذکورہ تعداد پوری کرنے کیلئے فی ایکڑ 8سے 10 کلوگرام منظور شدہ اقسام کا صحت مند بیج کافی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بیج خالص ، آلائشوں سے پاک ، صاف ستھرا اور صحت مند ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بیج ٹوٹا یا کیڑاوغیرہ لگاہواہو تو کاشت سے پہلے اس کی شرح روئیدگی معلوم کرکے اس کے مطابق شرح کا تعین کرلینا چاہیے تاکہ پودوں کی تعداد میں کمی بیشی سے پیداوار متاثر نہ ہو سکے۔