کھیرے کی پچھیتی فصل کی کاشت کیلئے کاشتکاروں کوایک کلوگرام فی ایکڑ صحت مند بیج کاشت کرنے کی ہدایت

ہفتہ 4 جولائی 2015 16:22

فیصل آباد۔4جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 جولائی۔2015ء)جامعہ زرعیہ فیصل آبادکے ماہرین زراعت نے کھیرے کی پچھیتی فصل کی کاشت بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ کاشتکار اچھی فصل حاصل کرنے کیلئے ایک کلوگرام فی ایکڑ کے حساب سے صحتمند بیج کاشت کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ کاشتکاروں کو زمین کی ذرخیزی کا خاص خیال رکھنے کے ساتھ ساتھ نامیاتی مادہ کی مقدار میں مناسب اضافہ کیلئے فصل کاشت کرنے سے قبل کھیت میں 10سے12 ٹن فی ایکڑ کے حساب سے گوبر کی گلی سڑی کھاد ڈالنے کے بعد ایک دفعہ مٹی پلٹنے والا ہل ضرور چلانا چاہیے تاکہ کھاد زمین میں اچھی طرح مل جائے ۔

انہوں نے کہاکہ کاشتکار کھیت کو ہموارکرنے کے بعد کیاریوں میں تقسیم کرتے ہوئے راؤنی کر لیں اور وتر آنے پر دو سے تین مرتبہ ہل چلاتے ہوئے سہاگہ دے کر زمین کو اچھی طرح نرم و بھربھرا کرلینا چاہیے ۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار کھیت کے وتر آنے پر تین تین میٹر کے فاصلے پر نشان لگاکر ان کے اوپر کھاد بکھیر کر پٹڑیاں بنا لیں ۔ انہوں نے کہاکہ مزید رہنمائی و معلومات کیلئے ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی رابطہ کیاجاسکتاہے۔