زراعت میں مشینی قوت کازیادہ سے زیادہ استعمال یقینی بناکر پیداوار میں زبردست اضافہ کیاجاسکتاہے ،ڈائریکٹر زرعی انجینئرنگ فیصل آباد

ہفتہ 4 جولائی 2015 16:24

فیصل آباد۔4جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 جولائی۔2015ء)ڈائریکٹر زرعی انجینئرنگ فیصل آباد خالد محمود نے کہاہے کہ پاکستان میں مختلف فصلوں کی فی ایکڑ پیداوار ترقی یافتہ ممالک کے مقابلہ میں بہت کم ہے جس کی اہم وجہ کھیتوں میں مشینی قوت کا کم استعمال ہونا ہے تاہم پاکستانی زراعت میں مشینی قوت کازیادہ سے زیادہ استعمال یقینی بناکر پیداوار میں زبردست اضافہ کیاجاسکتاہے ۔

ایک ملاقات کے دوران انہوں نے کہاکہ مشینی قوت کے استعمال میں ٹریکٹر،زرعی مشینری اورتربیت یافتہ افرادی قوت کو خاص اہمیت حاصل ہے جبکہ ٹریکٹر سے چلنے والی زرعی مشینری میں ہل ،روٹا ویٹر ، بلیڈ، لیزر لینڈ لیول، تھریشر، سیڈڈرل، سپرے مشینیں اور بیڈ پلانٹروغیرہ شامل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت نے زراعت میں مشینی قوت کی بڑھتی ہوئی مانگ کو مدنظر رکھتے ہوئے چھوٹے اور درمیانے کاشتکاروں کو گرین ٹریکٹر سکیم کے تحت ہزاروں ٹریکٹرزسبسڈی کے ذریعے فراہمی جاری رکھی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ زرعی مشینوں کے استعمال سے فصلوں کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ کے ساتھ قیمتی وقت کی بچت بھی ہوتی ہے۔انہوں نے بتایاکہ شعبہ زرعی انجینئرنگ کے ماہرین ٹریکٹر آپریٹر کی تربیت کے مختلف کورسز کروانے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں جس سے کاشتکاروں کو اپنے ٹریکٹر کی مرمت اور بہتر دیکھ بھال میں کافی مدد مل رہی ہے۔انہوں نے کاشتکاروں کو سفارش کی کہ وہ ٹریکٹر کی روزانہ ، ہفتہ وار، ماہانہ اور سالانہ بہتردیکھ بھال کو یقینی بنائیں تاکہ ٹریکٹر کے استعمال کے عرصہ کو بڑھایا جاسکے ۔

انہوں نے کہاکہ ٹریکٹر کی بہتر دیکھ بھال میں انجن اور ہائیڈرالک سسٹم میں تیل کی سطح ، ریڈی ایٹر میں پانی کی سطح ، ٹائروں میں ہوا کا دباؤ، ٹریکٹر کے بولٹوں ،نٹ اور پنوں کا معائنہ ، بریک سسٹم ، فیول فلٹر کی تبدیلی، بریک کے نظام کی سروس، سلنسر کی صفائی، سلف، بیٹری اور جنریٹرکی سروس ،ٹرانسمیشن اور ہائیڈرالک نظام کے تیل کی تبدیلی اور فیول فلٹر کی بروقت تبدیلی بہت زیادہ اہمیت کی حامل ہیں۔انہوں نے کہاکہ شعبہ کے زرعی ماہرین نے کاشتکاروں کی رہنمائی کے لیے عام فہم زبان میں ایک کتابچہ شائع کیا ہے جس کے مطالعہ سے کاشتکارازخود اپنے ٹریکٹر کی مرمت اوربہتر دیکھ بھال کرنے کے قابل ہوسکیں گے۔