پیٹھاکدو کی پچھیتی کاشت کیلئے اچھے نکاس والی ذرخیز میرا زمین کے انتخاب کی ہدایت

جمعرات 9 جولائی 2015 13:36

فیصل آباد ۔9 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 جولائی۔2015ء) جامعہ زرعیہ فیصل آبادکے ماہرین زراعت نے کاشتکاروں کو پیٹھا کدو کی پچھیتی کاشت 31جولائی تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ کاشتکار پچھیتی کاشت میں تاخیر سے گریزکریں تاکہ بہتر پیداوار کا حصول ممکن بنایاجاسکے۔ ایک ملاقات کے دوران انہوں نے بتایاکہ 31جولائی تک کاشت کی صورت میں پیٹھاکدو کاپھل اکتوبر میں پک کر تیار ہو جائیگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ فصل کی کاشت کیلئے پانی کے اچھے نکاس والی زرخیز میرازمین کاانتخاب بہترین نتائج کا حامل ہو سکتاہے۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار پیٹھاکدوکی پچھیتی کاشت کے وقت کھیت میں د و سے تین مرتبہ ہل چلا کر سہاگہ چلائیں اور پٹڑیاں بنانے کیلئے 1/4 میٹر پر نشان لگائیں اور نشانوں کے دونوں اطراف 30سینٹی میٹر کے فاصلے پر 3بوری سپر فاسفیٹ اور ایک بوری امونیم نائٹریٹ ملاکر بکھیر دیں اور پٹڑیاں بنالیں ۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار ایک ایکڑ کھیت کیلئے ایک کلوگرام بیج کو پٹڑیوں کے دونوں کناروں پر ایک ایک میٹرکے فاصلے پر بوئیں۔انہوں نے کہاکہ اس ضمن میں مزید رہنمائی کیلئے ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی رابطہ کیاجاسکتاہے۔